سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے کرناہ کپوارہ شاہراہ پرموریاں موڑ کے قریب دوران سفر شدید ٹھنڈ کے نتیجے میں3افراد کے لقمہ اجل بن جانے پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لقمہ اجل بنے افراد کے پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیاکہ لقمہ اجل بنے افراد کے پسماندگان کے حق میں ایکس گریشیا ریلیف فراہم کیا جائے۔ پارٹی لیڈران نے نستہ چھن گلی پر ٹنل کی تعمیر کی مانگ دہراتے ہوئے کہا کہ ٹنل کی عدم دستیابی کی وجہ سے انسانی جانوں کا زیاں ہوتا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ پارٹی لیڈر اور سابق ایم ایل اے کرناہ کفیل الرحمان نے بھی اس سانحہ پر صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے لقمہ اجل بنے افراد کے پسماندگان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون اوربارہمولہ سے پارلیمانی امیدوار راجہ اعجاز علی نے نستہ چھن گلی کے قریب خونی نالہ پر سردی کی وجہ سے تین افراد کی موت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور گورنر انتظامیہ سے پسماندگان کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی اپیل کی۔سجاد لون نے کہا کہ یہ شاہراہ اب تک سینکڑوں افراد کی جانیں لے چکی ہے اور ٹنل اب ایک ضرورت بن چکی ہے۔اس دوران راجہ اعجاز نے بھی رنج کا اظہار کیا اور کرناہ کے لئے ٹنل کے مطالبے کی حمایت کی۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ پسماندگان کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔ سابق ایم ایل اے کرناہ ایڈوکیٹ راجہ منظور ، قانون ساز کونسل ممبر جاوید احمد مرچال ، سابق ایم ایل سی وگوجر لیڈر عبدالرحمان بڈھانہ اور ڈاکٹر جہانگیر دانش نے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے پسماندگان کو معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔