کپوارہ//بھاری برف باری کے 9روز بعد شمالی ضلع کپوارہ کے سر حدی علاقوں کی سڑکو ں کو گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے لئے بحال کر دیا گیا ۔ضلع کی کرناہ ،کیرن ،مژھل اور جمہ گنڈ سڑکیں برف بھاری کے بعد گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے لئے بند کر دی گئی تھیں ۔بیکن محکمہ نے چوکی بل کرناہ ،میلیال کیرن اور سرکلی مژھل کی سڑکو ں سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا لیکن موسم ناساز گار اور وقفے وقفے سے جاری برف باری کی وجہ سے سڑکوں سے برف ہٹانے کے کام میں اڑچنیں پیش آئیں جس کی وجہ سے ان علاقوں کا رابطہ ضلع صدر مقام سے کٹ کر رہ گیا ۔سڑک بند رہنے کی وجہ سے مذکورہ علاقوں میں زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی وہیں ان علاقوں میں مریضوں کو بھی علاج و معالجہ کے حوالہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔گزشتہ کئی روز سے موسم میں بہتری کے ساتھ ہی بیکن محکمہ نے چوکی بل کرناہ ،میلیال کیرن اور سرکلی مژھل سڑکو ں سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا اور محکمہ بیکن نے سخت محنت کے بعد میلیال کیرن سڑک کو پہلے ہی بحال کر دیا ۔جمعرات کے روز محکمہ بیکن نے سخت محنت کے بعد چوکی بل کرناہ اور سرکلی مژھل سڑکو ں سے برف ہٹانے کاکام مکمل کیا اور ان سڑکو ں کو گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بحال کر دیا جس کے بعد کرناہ سے گاڑیو ں کو چوکی بل کی طرف چلنے کی اجاز ت دی گئی ۔اس دوران سب ڈویژن انتظامیہ نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے روز چوکی بل سے کرناہ کی طر ف گا ڑیو ں کوصبح ساڑھے 9بجے سے ساڑھے3بجے چلنے کی اجازت ہوگی اور اس دوران کسی بھی گا ڑی کو مخالف سمت سے چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کرناہ اور سرینگر کے درمیان ایک چاپر سروس چلائی گئی جس کے دوران کرناہ سے 15مسافرو ں کو وادی لایا گیا جن میں 4مریض ،4تیمادار اور 7مسافر شامل تھے جبکہ سرینگر سے 10مسافروںکو کرناہ پہنچایا گیا ۔