کرناٹک انتخابات 2018: بدلے۔ بدلے کیوں نظر آرہے ہیں راہل گاندھی؟

بنگلورو// کرناٹک انتخابات کے لئے مہم چلانے والے کچھ کانگریس لیڈران تقریبا چھ ماہ پہلے راہل گاندھی کو لے کر مذاق کیا کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اسمبلی انتخابات میں راہل گاندھی سے بہتر کیمپیننگ کر سکتے ہیں۔ آج وہی رہنما راہل گاندھی کی کھلے میں تعریف کرتے نہیں تھکتے۔ انتخابات کو لے کر انہیں کانگریس صدر کی انتخابی مہم اور حکمت عملی پارٹی کے لئے فائدہ مند نظر آ رہی ہے۔ اب مقامی کانگریس رہنماؤں کا ماننا ہے کہ پارٹی کو راہل گاندھی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ کیونکہ راہل پارٹی کیڈر میں امید اور جوش پیدا کر رہے ہیں۔کانگریس کے کئی رہنماؤں کے مطابق، راہل گاندھی بدلے بدلے سے نظر آرہے ہیں۔ خاص طور پر گجرات کے انتخابات کے بعد یہ ہوا ہے۔ پچھلے سال ہوئے گجرات انتخابات میں بھلے ہی بی جے پی کو جیت ملی ہو لیکن اسے کانگریس سے کڑی ٹکر ملی تھی۔ راہل گاندھی انتخابی مہم میں کانگریس کی قیادت کر رہے تھے۔ کانگریس کے رہنماؤں کا ماننا ہے کہ اس الیکشن سے راہل گاندھی اور زیادہ پرجوش ہو گئے۔ اب وہ کانگریس کے لئے پہلے سے کہیں زیادہ سخت محنت کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے کرناٹک انتخابات کے لئے جنوری کے آخری ہفتے میں بیلاری ضلع سے کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی انہیں ہر ریلی اور روڈ شو میں بہتر رسپانس مل رہا ہے۔کرناٹک انتخابات 2018: بدلے۔ بدلے کیوں نظر آ رہے ہیں راہل گاندھی؟وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ کے مقابلے راہل خصوصی بس سے سفر کرتے ہیں اور آسانی سے مقامی لوگوں سے گھل مل جاتے ہیں۔ پہلی انتخابی مہم کے لئے انہوں نے بیلاری سے گلبرگہ تک بس کی سواری کی تھی۔ اس دوران راہل نے 400 کلو میٹر تک کا سفر طے کیا اور کئی مقامات پر ریلی کی۔ انتخابات کو لے کر راہل کا پہلا قدم کامیاب رہا۔ پارٹی اس فارمولہ پر مزید کام کر رہی ہے۔فروری میں راہل گاندھی نے کرناٹک کے لنگایت مندروں اور علاقوں کا دورہ کیا۔ اس بار بھی انہوں نے اپنے دورے کے لئے ہیلی کاپٹر نہیں بلکہ بس کو منتخب کیا۔ یہ دورہ بھی کامیاب رہا۔ تیسرے، چوتھے اور پانچویں دورہ پر بھی راہل گاندھی کو بہتر رسپانس ملا۔کرناٹک کانگریس کمیٹی کے ایگزیکٹو صدر دنیش گنڈوراو کے مطابق، "راہل گاندھی نے کرناٹک کے 2000 کلومیٹر کے علاقہ کو کور کر لیا ہے۔ وہ جوش سے بھرے ہوئے ہیں۔ ان کے پاس کبھی ختم نہ ہونے والی توانائی ہے۔ وہ پارٹی کیڈر کو بھی حوصلہ دیتے ہیں اور کانگریس رہنماؤں کی بھی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ راہل سامنے سے قیادت کر رہے ہیں اور گزشتہ دو مہینہ میں راہل نے جہاں جہاں انتخابی تشہیر کی ہے، انہیں بہتر رسپانس ملا ہے۔ "کانگریس کے ایک سینئر لیڈر کا کہنا ہے، "بی جے پی ایسی افواہ پھیلا رہی ہے کہ راہل گاندھی سست سے ہیں۔ وہ محنت نہیں کر سکتے۔ راہل ہندو بھی نہیں ہیں۔ لیکن، انہوں نے اپنے مخالفین کو غلط ثابت کیا ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کا جھوٹ سب کے سامنے آ چکا ہے۔ ریاست میں راہل گاندھی کو جس طرح سے لوگوں کا پیار مل رہا ہے، اس سے بی جے پی پریشان ہو گئی ہے۔