کپوارہ//لوک سبھا انتخابات کے حوالہ سے نیشنل کانفرنس نے منگل کو کرالہ پورہ کے ریشی گنڈ علاقہ میں چنائوی مہم کا آغاز کیا اور اس سلسلہ میں این سی لیڈر اور سابق وزیر میر سیف اللہ نے پارٹی کارکنا ن سے خطاب کے دوران کہا کہ پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی نے پارلیمانی انتخابات میں جمو ں میں سیکولر فرنٹ بچانے کی غرض سے نہیں بلکہ بھاجپا کو کامیاب کرانے کے لئے اپنے امید وار نہیں اتارے ۔میر سیف اللہ نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کارکنان متحرک ہو جائے اور پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے کام کریں تاکہ آنے والے انتخابات میں پارٹی کی جیت یقینی بن جائے ۔انہو ں نے کہا کہ گزشتہ5سالو ں کے دوران ریاست میں جو تباہی ہوئی ہے اس کا کسی کو اندازہ تک نہیں تھا اور اس کی ساری ذمہ داری پی ڈی پی پر عائد ہوتی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی ریاست کے لوگو ں کی واحد آواز ہے جو اس ریاست کی یکساں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے کو شاں رہی ہے ۔انہو ں نے اس عزم کو دہرایا کہ ان کی پارٹی لوک سبھا الیکشن کے ساتھ ساتھ آنے والے اسمبلی انتخابات میں بھی بھاری اکثریت حاصل کرے گی کیونکہ لوگوں کے سامنے سابق پی جے پی پی ڈی پی مخلوط سرکار میں ساجھے دار پارٹیاں بے نقاب ہوگئی ہیں ۔میر سیف اللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاست جمو ں کشمیر کے مسئلہ کو پر امن حل نکالنے کی خواہا ں ہے ۔انہو ں نے کہا مرکز کی جانب سے ریاست میں زیادتیو ں اور پکڑ دھکڑ سے حالات بدلنے والے نہیں ہیں بلکہ بد سے بد تر ہورہے ہیں ۔