سرینگر// سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کو یہاں کے انسانوں کے جینے اور مرنے کی کوئی پرواہ نہیں، ان کو یہاں کی زمین چاہیے ، کیونکہ جب تک یہاں ایک بھی انسان زندہ ہے وہ کبھی بھی بھارت کے جبری اور فوجی تسلط کو قبول نہیں کرے گا۔ پلوامہ قتل عام کو عظیم سانحہ قرار دیتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ یہ واقعہ قتل غارت گری کے آج تک کے سینکڑوں سانحات میں ایک اور اضافہ ہے جس کے تحت بھارت کی افواج نے نہتے عام شہروں پر اپنے بندوقوں کے دھانے کھول کرکے انسانیت کو شرمسار کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج تک بھارتی فوج کے ہاتھوں ہم نے تقریباً ساڑے چھ لاکھ سرفروشوں کے لہو کا خراج پیش کیا ہے، بھارتی حکمرانوں کو اور کتنا خون چاہیے جس سے ان کی پیاس بُجھ جائے؟۔ انہوں نے کہا کہ انسانی زندگیوں سے یہ وحشیانہ اور سفاکانہ کھلواڑ پچھلے 71سال سے جاری ہے اور اس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکمرانوں، ان کی بے لگام فوج اور اُن کے مقامی گماشتوں پر عائد ہوتی ہے، جن کی ملی بھگت سے عام اور بے گناہ کشمیریوں کا خون پانی سے بھی سستا ہوگیا ہے۔ اس خونِ ناحق کے لیے ذمہ دار لوگوں کی نہ کوئی باز پرس ہوتی ہے اور نہ ہی کسی کو جوابدہی کے مقام پر لاکھڑا کیا جاتا ہے۔ گیلانی نے کہا کہ مسلم ممالک بھارت سے اپنے سفارتی روابط تب تک منقطع کریں جب تک نہ بھارت جموں کشمیر میں جاری اپنی ریاستی دہشت گردی بند نہ کرے۔