سرینگر // جموں کشمیر انتظامیہ نے جنگلات اور کاہچرائی سے غیر قانونی قبضہ چھڑانے کی مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی کمشنر کشمیر نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اُن ملازمین کی فہرست تیار کریں، جنہوں نے جنگلات کی اراضی پر قبضہ کیا ہے اور ایسے افراد کو بھی نوٹس جاری کریں وہ غیر قانونی طور پر جنگلات کی اراضی پر قابض ہیں۔ اس کے علاوہ محکمہ مال سے کہا گیا ہے کہ وہ کاہچرائی سے قبضہ چھڑا کر اس کو محکمہ جنگلات کے سپرد کریں ۔ڈویژنل کمشنرپی کے پولے ،نے محکمہ جنگلات کے افسران کے ساتھ جنگلات کے تحفظ کے سلسلے میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں چیف کنزببرویٹر جنگلات جموں وکشمیر کے علاوہ کنزرویٹر سرینگر ،شمال اور جنوب کے علاوہ محکمہ جنگلات کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔اس موقع پر صوبائی کمشنر نے متعلقہ افسران کو جنگلات کی اراضی پر قبضہ کرنے والوں کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اہل افراد کے مقدمات کو نمٹانے کیلئے فاریسٹ رائٹس ایکٹ (FRA) پر گرام سبھائیں منعقد کی جائیں ۔ اس سلسلے میں انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو گرام سبھا کے کامیاب انعقاد کیلئے تیاری کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے افسران کو جنگلات کے حقوق ایکٹ کے مقدمات کی تفصیلی فہرست تیار کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔محکمہ جنگلات کے اعلیٰ افسران سے ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ وہ ان سرکاری ملازمین کی مکمل فہرست تیار کریں جنہوں نے جنگلات کی اراضی پر قبضہ کیا ہے۔دریں اثناء صوبائی کمشنر نے تمام اضلاع کے ACRs کو ہدایت کی کہ وہ کاہچرائی سمیت سرکاری اراضی کو بازیاب کریں اور اسے محکمہ جنگلات کے حوالے کریں تاکہ جنگلات کی زمین کا اضافہ کیا جائے ۔