جموں//کانگریس پارٹی کے رہنماؤں نے راجیہ سبھا میں سابق قائد حزب اختلاف غلام نبی آزاد کی حمایت میں نکل کر اپنے قائد کا پتلا جلانے کے اقدام کی مذمت کی۔شاہنواز چودھری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کے رہنما اور سابق ممبر اسمبلی اکرم چودھری کے ساتھ قانون ساز کونسل کے سابق ڈپٹی چیئرمین جہانگیر میر نے غلام نبی آزاد کا دفاع کیا۔میر نے کہا "وہ(آزاد ) کبھی بھی کانگریس پارٹی یا تقسیم کے خلاف بات نہیں کرتے ہیں " ۔میر نے کہا کہ وہ ایک بہت اہم سیاسی رہنما ہیں جو مہاتما گاندھی کے پیروکار ہیں۔ان کا کہناتھا’’یہ آزاد کے خلاف سپانسرڈ احتجاج تھا اور میں اس کی مذمت کرتا ہوں‘‘۔ان کاکہناتھا کہ لوگوںخاص طور پر کانگریس پارٹی میں پتلا جلانے کے اقدام کے خلاف غم و غصہ پایا جاتا ہے۔میر نے کہا کہ "آپ پارٹی کے آئین کے خلاف جانے پر شاہنواز کے خلاف کارروائی دیکھیں گے۔ مجھے متعدد بار ٹکٹ بھی نہیں دیا گیا اور اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ مجھے پارٹی کے خلاف جانا چاہئے اور سینئر قائدین کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے‘‘۔انہوں نے کہا کہ سب نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی تعریف کی جو بی جے پی سے تعلق رکھتے تھے اور یہ جمہوریت میں ہوتا ہے۔اس سے قبل اکرم چودھری نے کہا’’آزاد صاحب کے خلاف احتجاج کرنے والوں کا تعلق کانگریس پارٹی سے نہیں ہے"۔ چودھری نے کہا کہ شاہنواز چودھری نے سرنکوٹ سے ڈی ڈی سی انتخابات میں میرے خلاف مقابلہ کیا تھا۔دریں اثنا ضلع کٹھوعہ میں غلام نبی آزاد کی حمایت میں ایک احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جس میں آزاد مخالف مظاہرے کی مذمت کی گئی ۔اس دوران کشتواڑ سے بھی آزاد حامی احتجاج کی اطلاعات ہیں۔