جموں//پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرغلام احمدمیرنے کہاہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس سب سے بڑی جماعت بن کراُبھرے گی ۔پی سی سی صدرغلام احمد میریہاں جموں میںپارٹی ورکروں وعہدیداروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس ریاستی عوام کی پہلی پسنداورریاست کے تینوں خطوں کی یکساں ترقی یقینی بنانے کی اہل جماعت ہے اورکانگریس ملک کی ایک ایسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک میں آپسی بھائی چارے،امن اورتعمیروترقی کیلئے پچھلے ستربرسوں کے دوران تاریخی کام انجام دیئے ہیں ۔غلام احمدمیر نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں جب بھی کانگریس اقتدارکاحصہ رہی تواس نے عوام کی بہبودکیلئے بے شماراقدامات اٹھائے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس ہی ایک ایسی جماعت ہے جوریاست کے تینوں خطوں کی یکساں تعمیروترقی یقینی بنانے کی بھرپوراہلیت رکھتی ہے۔غلام احمدمیر نے مرکزاورریاست کی سابقہ پی ڈی پی ۔بی جے پی مخلوط حکومت کی کارکردگی پربرہمی کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ پچھلے چاربرسوں میں لوگوں کومشکلات کاہی سامناکرناپڑا۔میرنے کہاکہ کانگریس ریاست کی تعمیروترقی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تمام طبقوں اورفرقوں کے ساتھ انصاف کرتی ہے۔انہوں نے بھاجپا جس نے سال 2014میں جموں صوبہ سے25نشستیں حاصل کی تھیں اور مرکز میں ان کی واضح اکثریت کیساتھ حکومت آئی تھی ،نہ صرف ریاست بلکہ مرکزمیں بھاجپاعوام کے مسائل کاازالہ کرنے میں ناکام رہی ۔اس دوران میٹنگ میں ضلع صدوراورصوبہ جموں کے امکانی اُمیدوارشامل تھے۔اجلاس کے دوران ریاست کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ لوک سبھاانتخابات کے پیش نظرپارٹی کومضبوط کرنے کیلئے تنظیمی اکائی پرغوروخوض کیاگیا۔غلام احمدمیرنے تمام اسمبلی حلقوں سے قابل اُمیدواروں کومیدان میں اُتاراجائے گا۔اس دوران اجلاس میں سابق نائب وزیراعلیٰ تاراچند، سابق وزراء اورنائب صدوربشمول پی سی سی مولارام،رمن بھلہ، جی ایم سروری ، سابق وزرا آرایس پی چب، محمدشریف نیاز، سمن بھگت، ٹھاکربلوانت سنگھ، رویندرشرما، ٹھاکرمنموہن سنگھ، رجنیش شرما، سابق ممبران اسمبلی چوہدری محمداکرم ،ٹھاکرشیودیوسنگھ،اشوک شرما،اشوک ڈوگرہ، جگدیش راج سپولیہ، جی ایل چلوترہ، پروفیسرگھارورام بھگت، ڈی سی سی صدورشبیراحمدخان (راجوری)ایس منجیت سنگھ سابق وزیر (سانبہ )، چوہدری عبدالغنی ،کے سی بھگت۔سابق ایم ایل اے (ادہم پور)، وکرم ملہوترہ ،ہری سنگھ چب ،موہندرپریہار(کشتواڑ)فاروق کٹوچ، اقبال ملک (درہال)، ایم کے بھاردواج ،ششی شرما، سبھاش بھگت، پنکج ڈوگرہ، چوہدری ظفراللہ،ایس راجندرسنگھ ودیگران موجودتھے۔