بانہال // جموں کشمیر سکول بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے گذشتہ دنوں صوبہ جموں کے سرمائی زون کے بارھویں جماعت کے نتائج کے اعلان کے بعد کامرس سٹریم سے صوبہ میں پہلی دس پوزیشنوں میں پہلی دوسری اور تیسری پوزشن پر ہائر سیکنڈری سکول بائز کے طلبا قابض ہوئے ہیں ۔ہائر سیکنڈری سکول بائز بانہال میں بارہویں جماعت کامرس کے طالب علم کاشف اشرف ولد محمد اشرف وانی نے 89.6 فیصدی نمبرات حاصل کر کے اس سٹریم میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ دوسری پوزیشن عارف الحسن ولد غلام حسن نے 83.4 فیصدی نمبرات لیکر حاصل کی ہے اور اس اسٹریم میں تیسری پوزیشن آشیش رام ولد بمل رام نے حاصل کی ہے ۔اس سلسلے میں سکول میں تعینات کامرس لیکچرر منظور احمد کامگار نے رابطہ کر نے پر بتایا کہ یہ محنت بچوں نے کی ہے جس کی وجہ سے کامرس سٹریم میں پہلی دس پوزشنز میں پہلی تین پوزیشنوں پر ان کے سکول کے بچوں نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے تمام ہائر سیکنڈری سکولوں میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کو کامرس پڑھانے کے لئے تین تین لیکچرار تعینات ہیں اور جبکہ بانہال میں وہ اکیلے دو جماعتوں کے چھ کلاسیں پڑھاتے ہیں۔انہوں نے کہا اْن کی کوشش بھی رہی ہے کہ بچوں پر زیادہ سے زیادہ توجہ دی جائے اور بچوں کی محنت اور لگن کی وجہ سے ہی یہ ممکن ہو پایا ہے۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ خطہ چناب میں ایسا پہلی بار دیکھنے کو ملا ہے کہ کسی سٹریم کی پہلی تین پوزیشنوں پر ایک ہی سکول نے کامیابی حاصل کی ہو۔عام لوگوں نے اس سٹریم میں پہلی تین پوزیشنوں کو حاصل کر نے پر سکول انتظامیہ کی سراہنا کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں تمام اساتذہ ایسی کامیابی کو دھرائیں گے ۔