منجاکوٹ //منجاکوٹ میں کالج اور دیگر مطالبات پر لوگوں نے شاہراہ پر نکل کر احتجا ج کیا۔ اس احتجاج میں بیوپار منڈل نے بھی شرکت کی ۔اس دوران مظاہرین نے جموں پونچھ شاہراہ پر دھرنا دیا جس کی وجہ سے روڈ دو گھنٹے تک ٹریفک کیلئے بند رہی ۔مظاہرین کاکہناتھاکہ وہ دو ہفتے سے پرامن طور پر احتجاج کررہے ہیں لیکن حکومت کو کوئی پرواہ نہیں اور ان کے جائز مطالبات نظرانداز کردیئے گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کالج اور دیگر دفاتر کاکھلنا یہاں کی تعلیمی و دیگر شعبوں میں ترقی کیلئے انتہائی ضروری ہے لیکن نہ جانے حکومت کیوں یہاں یہ ادارے نہیں کھول رہی ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ممبراسمبلی سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم نے کہاکہ یہ مطالبات جائز ہیں جن کو پورا کیاجاناچاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس سلسلے میں حکام سے بات کریںگے اور منجاکوٹ کے ساتھ انصاف کروایاجائے گا۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے تحصیلدار منجاکوٹ شیراز چوہدری، ایس ڈی پی او منجاکوٹ ڈاکٹر امتیاز چوہدری ،ایس ایچ او منجاکوٹ اعجاز حیدر موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے مظاہرین سے بات چیت کرکے کہاکہ ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے اس سلسلے میں حکام کو آگاہ کردیاہے اور ان کے مطالبات جلد پورے ہوںگے ۔ اس کے بعد اگرچہ مظاہرین نے شاہراہ سے دھرنا ختم کردیا تاہم انہوںنے پولیس کے سامنے گرفتاریاں دیں ۔