راجوری//کالاکوٹ میں پینے کے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور کئی علاقوں میں پانی سپلائی ہی نہیںہوتاجبکہ کچھ میں مہینے میں ایک یادو مرتبہ سپلائی کی جاتی ہے۔ قصبہ کے عوام کاکہناہے کہ انہیں مہینے میںپینے کا پانی صرف ایک یا دو مرتبہ فراہم کیاجاتاہے اور باقی ایام وہ دور دراز علاقوںسے پانی لانے پرمجبورہوتے ہیں۔ محمد سلطان ، جمیل احمد ، زبیر محمداور محمد لطیف نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کالاکوٹ قصبہ میں عوام کی بدقسمتی یہ ہے کہ علاقے میں پینے کی پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور متعلقہ ملازمین اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں نمائندگی کے باوجود علاقہ کے لوگ پینے کے پانی کے لئے ترس رہے ہیںاور گھروں میں آنے والا پانی محض ایک مہینے میں دو ہی دن آتا ہے جس کے بعد لوگ دیگر ایام میں کئی کلومیٹر کا سفر کرنے کے بعد پینے کا پانی حاصل کرنے پر مجبور ہورہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی ممبراسمبلی جو کابینہ وزیر بھی ہیں، مختلف مقامات پر تعمیراتی کاموں کا افتتاح کرنے میںمصروف ہیں لیکن وہ یہ نہیں دیکھتے ہوئے ان کے اپنے علاقے میں پانی کی سپلائی کا کیا حال ہے ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ وہ پانی کی سپلائی کو یقینی بنائیں۔