سرینگر//نیشنل کانفرنس نے حکومت اور انتظامیہ سے تازہ برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال سے عوام کو راحت پہنچانے کیلئے بروقت اور کارگر اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے دونوں صوبوں کی صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ برفباری کے نتیجے میں منقطع ہوئے علاقوں اور دیہات کے ساتھ سڑک روابط بحال کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کریں اور ساتھ ہی شہر سرینگر اور وادی کے دیگر نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے صوبائی کمشنروں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر عوام کی راحت رسانی کے اقدامات کی نگرانی کریں اور سرحدی علاقوں میں متعلقہ انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کو متحرک کریں اور ساتھ ہی ان علاقوں میں غذائی اجناس اور ادویات کا وافر سٹاک پہنچایا جائے۔ انہوں نے محکمہ بجلی کے حکام سے بھی اپیل کی کہ وہ جنگی بنیادوں ایسے علاقوں میں بجلی کی مکمل سپلائی بحال کریں جہاں برفباری سے ترسیلی لائینوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے ، جس سے عوام کا عبور و مرور مشکل بن گیا ہے۔ دریں اثناء نیشنل کانفرنس کے پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک ہنگامی میٹنگ کا انعقاد جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کی صدارت میں منعقد ہوئی ، جس میں برفباری سے پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی گئی اور ساتھ حکومت کی طرف سے کئے جارہے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ جنرل سکریٹری نے نیشنل کانفرنس کے ضلع صدور اور دیگر عہدیداران کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے زمینی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اجلاس میں صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، وسطی زون صدر علی محمد ڈار، ضلع صدر اننت ناگ الطاف احمد کلو، نائب صدر وسطی زون منظور احمد وانی سمیت کئی عہدیداران موجود تھے۔ پی ڈی پی کے سابق ممبر اسمبلی رفیع احمد میر نے حالیہ برفباری کے نتیجے میں لوگوں کو درپیش مسائل کے تئیں انتظامیہ کی کارکردگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام کے بیشتر علاقے بجلی کی سپلائی سے محروم ہیں جس سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ سڑک رابطوں اور برقی رو کی جلد از جلد بحالی کیلئے متحرک ہوجائیں۔ اس دوران جموں کشمیر بچائو تحریک کے صدر عبد الغنی وکیل نے شمالی قصبہ رفیع آباد میں لوگوں کو در پیش مشکلات پر نار اضگی کا اظہا ر کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں فوری طورلوگوں کو تمام سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔اپنے بیان میں وکیل نے کہا کہ رفیع آباد کے متعدددیہات میں لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ برفباری کے بعد تمام سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برفباری کے ساتھ ہی بجلی بھی غائب ہے اور شام ہوتے ہی تمام علاقے گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں جو باعث افسوس ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ رفیع آباد علاقے میں سڑکوں سے برف ہٹائی جائے اور بجلی کی سپلائی بھی بحال کی جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات سے نجات مل سکے ۔
کارگر اقدامات کی ضرورت :ساگر/وکیل
