سرینگر//کائوڈارہ سرینگر میںآگ کی ایک واردات میں اتوار کودم گھٹنے سے معمر خاتون لقمہ اجل بن گئیں۔فیاض احمد نجار ولد عبدالرحمان نجار کے رہائشی مکان کے ایک کمرے میں کانگڑی گر گئی جس کے سبب وہاں آگ نمودار ہوئی ۔ آگ نے آناً فاناً پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ 83سالہ راجہ بیگم زوجہ عبدالرحمان کمرے میں دھواں جمع ہونے سے بیہوش ہوگئی اور دم گھٹنے کے سبب اس کی موت واقع ہوگئی۔ اس دوران آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر سروس عملہ جائے واقعہ پر پہنچ گیا اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔ کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایاگیا۔ ادھر کرناہ کے نواں گبرہ گائوں میں گذشتہ شب آگ کی ایک واردات میں دو منزلہ رہائشی مکان خاکستر ہو گیا ۔ سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کومشکور احمد و غفور احمد ولد غلام ربانی نامی دو بھائیوں کے مشترکہ مکان میں اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لیا ۔اگرچہ فائراینڈ ایمرجنسی سروس کے عملے اور مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی اوردیگر مکانوں کو بچا لیا تاہم دو منزلہ مکان مکمل طور پر خاکستر ہو گیا۔