محمد تسکین
بانہال// پیر اور منگل کی درمیانی رات ہوئی شدید بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ رام بن اور بانہال کے درمیان کئی علاقوں میں پسیوں ، ملبے اور پتھروں کی وجہ سے بند ہوگئی تھی تاہم نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کی مشینری کی مدد سے شاہراہ کو منگل کی شام تک مرحلہ طریقے سے قابل آمدورفت بنایا گیا تھا۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر کی رات ہوئی تیز بارشوں کی وجہ سے شیر بی بی کے کشتواڑی پتھر اور رام بن کے مہاڑ علاقے میں بھاری ملبہ اور پتھر شاہراہ پر گر آیا جس کی وجہ سے شاہراہ کے ٹریفک کو بند کر دینا پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کئی گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد شاہراہ کو منگل کی صبح جزوی ٹریفک کے قابل بنایا گیا تھا تاہم مہاڑ کے مقام گر آئی پسی کو مرحلہ وار طور پر بحال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کہ مہاڑ کے مقام سڑک کی ایک ٹیوب کو منگل کی صبح ہی بحال کیا گیا تھا تاہم سڑک کی ایک ٹیوب سے ملبہ صاف کرکے بحال کرنے میں منگل کی سہ پہر تک کا وقت لگا۔