راجوری//جڑواں اضلاع راج پور اور پونچھ کے کئی علاقوں میں ہفتہ کو تازہ برف باری ہوئی جس سے کچھ علاقوں میں ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی۔عہدیداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ راجوری ضلع کے بالائی علاقوں میں ہفتہ کی صبح تازہ برف باری شروع ہوئی اور دیر شام تک جاری رہی۔انہوں نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں کئی سڑکیں برف باری کی وجہ سے بند ہوگئیں جس کی وجہ سے ا ن اہم سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔حکام نے بتایا کہ ’برفباری کی وجہ سے راجوری کوٹرنکہ بدھل سڑک مندر گالا سے بدھل تک آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ راجوری کوٹرنکہ بدھل روڈ پر مندر گالا اور کنڈی گالا کے درمیان سڑک پر ایک فٹ سے زیادہ تازہ برف باری ہوئی ہے۔اسی طرح تھنہ منڈی ڈی کے جی بفلیاز روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی ہفتہ کی دوپہر ڈی کے جی میں تازہ برف باری کی وجہ سے متاثر ہوئی۔تازہ برف باری کی وجہ سے پونچھ ضلع کے بالائی علاقوں میں بھی ٹریفک متاثر ہوئی ہے ۔