پونچھ//ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین پونچھ تعظیم اختر نے سرینگر میں جموں وکشمیر کے چیف سیکریٹری سے ملا قات کر کے سرحدی ضلع میں عوام کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔اس ملا قات کے دوران موصوفہ نے پونچھ میں متعدد مذہبی مقامات جن میں بڈھا امرناتھ منڈی،ڈیرہ ننگالی صاحب،زیارت سائن الاہی بخش لورن،زیارت سائیں میراں گونتریاں، زیارت چھوٹے شاہ مینڈھراور لوڈ دیوتا مندر کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے سفارشات کیں ۔انہوں نے کہا کہ ضلع پونچھ کے متعدد علاقوں میں تعمیر کی جا رہی سڑکیں کئی عرصہ بعد بھی مکمل نہیں ہیں جس کی وجہ سے غریب عوام کو مشکلات درپیش ہیں ۔موصوفہ نے کہاکہ لورن ٹنگمرگ شاہراہ، چھمبر تا کناری سڑک ،چنڈک تا بڈھا امرناتھ ،گلی میدان تا گکمرگ سڑکوں پر تعمیری کام میں سرعت لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع پونچھ سیاحت کے اعتبار سے اپنے آپ میں ایک منفرد مقام رکھاتا ہے جس میں نیڑیاں، جبی طوطی، شاہستار، نورپور، جیسے مقامات موجود ہیں جو خوب صورتی کی مثال آپ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لایا جائے اور ان میں تعمیرو ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔اس کے علاوہ مینڈھر اور پونچھ میں منی سیکریٹریٹ کی عمارتوں کی تعمیر ودیگر پروجیکٹوں پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ ضلع میں زنانہ ڈگری کالج جموں یونورسٹی پونچھ کیمپس تعمیر ،ضلع کی غریب عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ،پہاڑی اور گوجر ہوسٹلوں کی تعمیر ،ٹرائبل یونیورسٹی کا قیام وغیرہ کی جانب سے توجہ مبذول کروائی گئی ۔چیف سیکریٹری نے ضلع ترقیاتی کونسل رکن کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔