ڈی ڈی سی چیئر مین راجوری نے کووڈ انتظامات کا جائزہ لیا

کوٹرنکہ //ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین راجوری چوہدری نسیم لیاقت نے ضلع کے کوٹرنکہ ،پیڑی اور بدھل علاقوں کا دورہ کر کے کووڈ کے سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔اس دوران موصوف نے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر اور پرائمری ہیلتھ سنٹروں میں میڈیکل آکسیجن سلنڈر سٹاک کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ آفیسران کو ضروری ہدایت جاری کیں ۔پرائمری ہیلتھ سنٹر پیڑی کے ملازمین نے لیبر روم کی تعمیر ،حفاظتی دیوار اور پانی کی قلت کے سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین کو بتایا جبکہ اس دوران طبی مراکز میں خالی پڑی ہوئی آسامیوں کے سلسلہ میں بھی تفصیل جمع کی گئی ۔مکینوں نے بتایا کہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی کی عمارت کی تعمیر کا عمل سست رفتاری کا شکار ہے جبکہ آپریشن تھیٹر نہ ہونے کی وجہ سے مریضوںو عملے کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ڈیجیٹل آیکسرے مشین اور ڈاکٹروں کیلئے رہائشی کواٹر بھی دستیاب نہیں ہیں جبکہ پی ایچ سی بدھل میں زمینی تنازعہ کی وجہ سے تعمیراتی عمل ٹھپ پڑا ہوا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مریضوں کی سہولیت کیلئے ہسپتال میں ضروری اشیاء فراہم کی جائیں ۔ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین نے مکینوں کے مسائل کا بغور جائزہ لیتے ہوئے ان کو یقین دلایا کہ ان کی مانگوں کو لے کر عملی طورپر کام کیا جائے گا ۔اس موقعہ پر انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران بھی موجود تھے ۔