سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر چودھری محمد رمضان نے حکومت کی طرف سے ڈی ڈی سی ممبران کے ساتھ ناانصافی اور وعدہ خلافی پر سخت برہمی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران ان عوامی نمائندوں کو بے اختیار کرنے کے علاوہ ان کی تذلیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی چیئرمین، وائس چیئرمین و ممبران کے رتبے میں تنزلی اور مشاہرہ کا تعین ان عوامی نمائندوں کے ساتھ انتہائی ناانصافی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ڈی ڈی سی الیکشن سے پہلے ڈی ڈی سی ممبران کے رتبے اور مشاہروں سے متعلق جو بڑے بڑے اعلانات کئے گئے حکومت اُس سے منحرف ہوگئی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔ چودھری رمضان نے حکومت پر زور دیا کہ ڈی ڈی سی ممبران کو وہی پروٹوکال اور مشاہرہ دیا جائے جس کے اعلانات ڈی ڈی سی الیکشن سے قبل کئے گئے تھے۔