گاندربل +پلوامہ//جموں وکشمیر میں ضلعی ترقیاتی کونسلوں کیلئے چیئرمین اورنائب چیئرمین کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پلوامہ اور گاندربل میں گپکار الائنس نے اپنا قبضہ جمایا جبکہ صوبہ جموں کے ریاسی ضلع کی ترقیاتی کونسل پربھارتیہ جنتاپارٹی نے چنائو جیتا۔یاد رہے کہ پہلے اور دوسرے مرحلے میں بھاجپا اور اپنی پارٹی نے جموں کشمیر کے 9اضلاع میں 6میں کامیابی حاصل کی ہے۔اپنی پارٹی نے وادی میں شوپیان اور سرینگر کے دو اضلاع میں کامیابی حاصل کر لی ہے جبکہ کپوارہ میں پیپلز کانفرنس ،بڈگام میں آزاد امیدوار( جو پی ڈی پی کا ضلع صدر ہے) نے جیت درج کی ہے۔کولگام میں گپکار الائنس کی اکائی سی پی آئی ایم نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔بھاجپا نے جموں، ادہمپور اورکھٹوعہ میں کامیابی درج کی ہے۔اب چوتھے مرحلے میں اننت ناگ میں 12فروری کو اور بانڈی پورہ ، بارہمولہ، راجوری ، پونچھ اور رام بن میں 13فروری کو انتخابات ہورہے ہیں۔
وسطی ضلع گاندربل میں چیئر مین کا عہدہ این سی اور نائب چیئرمین کا عہدہ پی ڈی پی کے حق میں آیا۔حلقے کے سابق رکن اسمبلی نیشنل کانفرنس شیخ اشفاق جبار کی اہلیہ نزہت اشفاق نے9ووٹ حاصل کرکے چیئر پرسن کا الیکشن جیت لیاجبکہ اُنکی مدمقابل اُمیدوار تسمینہ کوصرف5کونسلروں کی حمایت حاصل ہوئی۔ نائب چیئر مین عہدے کیلئے پی ڈی پی اْمیدوار بلال احمد شیخ نے8ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرلی۔ضلع کمشنر گاندربل شفقت اقبال جوکہ ضلع الیکشن افسربھی ہیں ، نے کہاکہ بدھ کے روز گاندربل میں ضلعی ترقیاتی کونسل کیلئے چیئرپرسن اورنائب چیئرپرسن کاانتخاب عمل میں لانے کیلئے سبھی منتخب کونسلروںکوآنے کیلئے کہاگیاتھا ،اوراس عمل کے دوران سبھی14کونسلر موجودرہے ۔انہوں نے بتایاکہ نیشنل کانفرنس سے تعلق رکھنے والی لارسے منتخب کونسلر نزہت اشفاق نے چیئرپرسن جبکہ پی ڈی پی سے وابستہ کونسلربلال احمدشیخ نے وائس چیئرپرسن عہدے کیلئے ہوئے انتخاب میں کامیابی حاصل کی ۔اُدھر ضلع ترقیاتی کونسل پلوامہ پر بھی اسی اتحاد کاکنٹرول قائم ہوا ۔یہاں ڈی ڈی سی چیئرمین اور وائس چیئرمین کے دونوں عہدوں پر پیپلز الائنس نے جیت درج کی ۔البتہ ووٹنگ کے دوران صرف 13امیدوار ہی شرکت کرسکے کیونکہ پی ڈی پی کے وحید الرحمان پرہ زیر حراست ہیں۔انتخابات کے دوران پی ڈی پی سے وابستہ کونسلر سید عبدالباری نے چیئرپرسن عہدے پر کامیابی حاصل کی جبکہ نیشنل کانفرنس سے وابستہ کونسلرمختار احمد بند وائس چیئرپرسن منتخب ہو ئے ۔ چیئرپرسن عہدے کیلئے ہوئی ووٹنگ میں سعید عبدالباری نے 9ووٹ حاصل کئے جبکہ اُنکے مدمقابل اُمیدوارجاوید رحیم بٹ کوصرف4ووٹ ملے ۔اسی طرح نائب چیئرپرسن عہدے کیلئے ہوئی ووٹنگ میں این سی اُمیدوارمختار احمد بند نے 9ووٹ حاصل کئے اوراُنکے حریف اُمیدوارمنہالطیف کوچارووٹ حاصل ہوئے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ جوکہ ضلع الیکشن افسربھی ہیں ،نے کہاکہ چیئرپرسن اورنائب چیئرپرسن عہدوں کیلئے بالترتیب سید عبدالباری اورمختار احمد بند نے کامیابی حاصل کی ۔اُدھر صوبہ جموں کے ضلع ریاسی کی ترقیاتی کونسل کیلئے بھی چیئرپرسن اورنائب چیئرپرسن کاانتخاب عمل میں لایاگیا۔بھاجپا سے وابستہ کونسلرصراف سنگھ ناگ نے 9ووٹ حاصل کئے اوروہ چیئرپرسن منتخب ہوئے ،گلاب گڑھ سے منتخب ہوئی آزادکونسلر ساجرہ قادری کو‘ٹاس کی بنیاد‘پروائس چیئرپرسن منتخب قراردیاگیاکیونکہ ساجرہ قادری اوربھاجپا اُمیدوارعبدالرشید نے سات سات ووٹ حاصل کئے تھے ۔واضح رہے کہ گزشتہ برس کے اواخر میں ہوئے ان انتخابات میں بی جے پی نے75 جبکہ پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن (پی اے جی ڈی ) نے 110 حلقوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ پی ڈی پی کے 27، کانگریس کے26 جبکہ 42 آزاد امیدوار بھی منتخب ہوئے۔