سرینگر // ریاستی الیکشن کمشنر (ایس ای سی) کے کے شرما نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں ضلعی ترقیاتی کونسل انتخابات کے آخری مرحلے میں تقریبا 51 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔ایس ای سی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ڈی سی کے 28 حلقوں میں رائے شماری میں پولنگ پرامن رہی جس میں کشمیر ڈویژن کے 13 اور جموں ڈویژن کے 15 حلقے شامل ہیں جن میں 50.98 فیصد رائے دہندگی دیکھنے میں آئی ۔ایس ای سی نے بتایا کہ 1703 پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ ہوئی جس میں کشمیر ڈویژن سے 1028 اور جموں ڈویژن سے 675 شامل ہیں۔ایس ای سی نے مزید بتایا کہ جموں ڈویژن میں پونچھ ضلع میں اوسطاً 72.71 فیصد ووٹنگ ریکارڈ ہوئی ۔اس کے بعد ضلع ریاسی میں 81.92 فیصد اور راجوری میں 77.31 فیصد رہی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کشمیر ڈویژن میں اوسطاً 29.91 فیصد ووٹروں نے حصہ لیا جس میں ضلع کپواڑہ میں سب سے زیادہ ووٹنگ 63.80 فیصد رہی ۔ اس کے بعد بانڈی پورہ میں 56.56 فیصد پولنگ رہی اور بارہمولہ ضلع میں 44.60 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ ایس ای سی نے بتایا کہ بڈگام میں 35.12فیصد ، اننت ناگ 8.66فیصد ، کولگام 11.20فیصد ، پلوامہ میں 8.50فیصد اور شوپیان میں 8.58فیصد پولنگ رجسٹرکی گئی ۔ جموں ڈویژن کے سانبہ میں 73.65فیصد ، کٹھوعہ میں 73.93فیصد ، رام بن میں 73.42فیصد، کشتواڑ میں 73.45فیصد ، ادھم پور میں 60.49فیصد ، ڈوڈہ میں 70.33فیصد اور جموں ضلع میں 69.39فیصد رائے شماری کی گئی۔ایس ای سی نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں پہلی بار 280 ڈی ڈی سی حلقوں میں انتخابات ہوئے۔ یہ بات نہایت ہی خوش آئندہ ہے کہ لوگوں کی بہت اچھی شرکت دیکھی گئی اور اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں میں جوش و خروش پایا گیا کہ یہ انتخابات دیہی ترقیاتی منظرنامے پر ہونے والے ہیں۔ان کے علاوہ 1088 سرپنچ اور 12153 پنچ حلقوں میں انتخابات ہوئے۔نیز ، ایس ای سی نے یہ بھی بتایا کہ متعدد سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے مقابلہ کے بعد دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا تھا ، دوسرے امیدواروں اور ووٹرز نے ماندھر اور شوپیاں ڈی ڈی سی حلقوں کے پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں شکایت کی تھی۔ اس کے علاوہ ، کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر ہنگامہ کھڑا کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایس ای سی نے بتایا کہ دوبارہ پولنگ پوشانہ (بفلیاز ڈی ڈی سی حلقہ) کے چار پولنگ اسٹیشنوں پر کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق 22 دسمبر 2020 کو گنتی ہوگی اور اسی روز شام تک نتائج مکمل ہونگے۔