مینڈھر //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے دیگر آفیسران کے ہمراہ مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر ’بلاک دیوس ‘کی مناسبت سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا جس کے دوران عوامی مشکلات کا مکمل جائزہ لیا گیا ۔اس موقعہ پر ایس ایس پی پونچھ کیساتھ ساتھ دیگر محکموں کے اعلیٰ آفیسران بھی موجود تھے ۔مقامی معززین و منتخب نمائندوں نے عوامی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ مختلف دیہات میں عوام پانی ،بجلی اور رابطہ سڑکوں جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کئی دیہات میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ لوگوں کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کرنے کے بعد پینے کیلئے صاف پانی لانا پڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی رابطہ سڑکیں برسوں سے مکمل ہی نہیں ہورہی ہیں جس کی وجہ سے مکینوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوامی مسائل کو بغور سننے کے بعد یقین دہانی کروائی کے عوام کو معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے متعلقہ آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مشکلات کو جلد از جلد حل کرنے کیلئے عملی اقداما ت اٹھائے جائیں ۔اس موقعہ پر ڈی ڈی سی وائس چیئر مین اشفاق چوہدری ،ڈی ڈی سی ممبر مینڈھر باجی فاروق چوہدری ،ڈی ڈی سی ممبر انجینئر واجد بشیر ،سرپنچ وسیم احمد خان ،شوکت چوہدری ،ماسٹر نظیر حسین شاہ ،ایڈوکیٹ نظیر چوہدری ،افتاب احمد ،سبھاش چندر کے علاوہ کئی معززین بھی موجود تھے ۔