محمد تسکین
بانہال // اپنے دورہ بانہال کے موقع پر ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران کیساتھ ایک اجلاس منعقد کر کے برفباری سے پیدا ہوئی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔اس دوران موصوف نے کہا کہ مختلف علاقوں کو تحصیل اور سب ڈویژن ہیڈکواٹروں سے جوڑنے والی رابطہ سڑکوں ، بجلی اور پانی کی بحالی کا کام بھی جاری ہے اور کچھ علاقوں میں بجلی اور سڑک کو بحال کیا گیا ہے جبکہ بْدھ کی شام تک 80فیصد بند سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بحال کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں مہو منگت ، نیل اور پوگل پرستان سمیت دیگر علاقوں میں سڑکیں ، بجلی اور پانی کی سپلائی بھی بحال کی جائے گی۔ انہوں نے برفانی تودوں کے گر آنے کے امکانات کے پیش نظر برفباری سے ڈھکے ضلع رام بن کے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برفباری کے علاقوں میں پڑنے سکولوں اور بند سڑکوں کا جائزہ لینے کے بعد ہی آج شام تک سکولوں کے بارے کوئی فیصلہ لیا جائیگا۔