راجوری//ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجوری راجیش کے شاون نے بدھ کے روز ڈونگی بلاک کے سسالکوٹ علاقے کا دورہ کیا جہاں گورنمنٹ ڈگری کالج ڈونگی کے لئے عمارت تعمیر کی جارہی ہے۔ڈی ڈی سی کے ہمراہ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس چندن کوہلی بھی تھے ۔متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر نے بتایا کہ اس منصوبے کو تخمینے کے لئے 36 کروڑ روپئے کی منظوری دی گئی ہے اور اس منصوبے کی انتظامی منظوری ملنے کے بعد اس منصوبے پر کام شروع کردیا جائے گا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈونگی بلاک کے مقامی افراد کے ایک گروپ نے ڈی ڈی سی کو آگاہ کیا تھا کہ کالج کی عمارت نہ ملنے کی وجہ سے کالج کے طلباء کی کلاسز جی جی ایچ ایس ڈونگی میں چل رہی ہیں اور جی ڈی سی پر فوری طور پر کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کلاسوں کو نئی کالج کی عمارت میں منتقل کیا جاسکے۔بعد ازاں ڈی ڈی سی نے ایس ایس پی کے ساتھ مل کر گرین ڈرائیو کے تحت سرول کے ہائر اسکول کیری اور کور بٹ اسکول میں پودے بھی لگائے۔