جموں// محکمہ داخلہ نے مرکزی زیر انتظام جموں وکشمیر میں ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات کو قیدیوں کو مزید 8 ہفتوں کے لئے خصوصی پیرول دینے کا اختیار دیا ہے۔جموں وکشمیر میں کووڈ 19 کے معاملات میں اضافے کے پیش نظر ڈی جی جیل خانہ وی کے سنگھ کو یہ اجازت دی گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ضلع جیل اننت ناگ میں 96 قیدیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری ہونیوالے حکمنامہ میں لکھاگیاہے کہ’ ’اگر جموں وکشمیر میں کورونا کی صورتحال میں بہتری نہیں آتی توسزا یافتہ قیدیوں کی اقسام کے سلسلے میں جاری ہونیوالے پہلے حکم کی شرائط کے مطابق قیدیوں کے پیرول میں مزید آٹھ ہفتوں تک توسیع کی جاسکتی ہے ‘‘۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر حکومت نے پہلے ہی ایگزیکٹو چیئرمین جے اینڈ کے ایس ایل ایس اے جسٹس راجیش بنڈل کی سربراہی میں ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہوئی ہے جس میں پرنسپل سکریٹری داخلہ امور شالین کابرااور ڈائریکٹر جنرل پولیس جیل خانہ جات وی کے سنگھ بطور ممبران شامل ہیں۔