نئی دہلی //مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے کا بدلہ ضرور لیا جائے گا اور پاکستان کو ایسا سبق سکھایا جائے گا کہ وہ دوبارہ ایسی حرکت کرنے سے پہلے سو بار سوچے ۔ وزیر داخلہ نے زخمی ڈی آئی جی امت کمار کی عیادت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں و کشمیرمیں فوج اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے دی گئی قربانیوں کو دیش کبھی نہیں بھولے گا اور قیام امن کیلئے دی جانے والی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوںنے کہا کہ ریاست میں ملٹنسی کے خاتمہ کیلئے مرکزی سرکار نے کئی اقدامات اُٹھائے ہیں اور پاکستان کے حامیوں کو اب اور برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور پولیس اس بات کیلئے آزاد ہیں کہ وہ کس طرح ملٹنی کا مقابلہ کرتے ہیں اور ان کے کام میں کوئی مداخلت نہیں کرے گا۔ راجناتھ سنگھ نے پاکستان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ان حرکتوں سے امن کے قیام کو جو نقصان اُٹھانا پڑرہا ہے ان کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ راجناتھ نے کہا کہ پلوامہ حملے کا بدلہ ضرور لیا جائے گااور پاکستان کو ایسا سبق سکھائیں گے کہ وہ دوبارہ کبھی اس طرح کی غلطی کرنے کی سوچے گا بھی نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت ایک امن پسند دیش ہے اسلئے امن پسندی کو بھارت کی کمزوری نہ سمجھا جائے ۔