اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پسماندہ علاقوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے پچھڑے طبقہ کے بچوں کو تعلیم کی طرف زیادہ سے زیادہ مائل کرنے کی مہم کے تحت 4 راشٹریہ رائفلز یونٹ بھدرواہ نے سپریڈنگ سمائل چرٹیبل ٹرسٹ کے اشتراک سے بھلیسہ کے گاؤں ڈھڈکائی میں ایک آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا جس میں علاقہ کے معززین و اسکولی بچوں نے شرکت کی۔ میجر 4 راشٹریہ رائفلز نے اس موقع بولتے ہوئے کہا کہ فوج کا مقصد مقامی لوگوں کو راحت پہنچانے کے ساتھ ساتھ پسماندہ علاقوں کی ترقی کرنا مقصود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھڈکائی گاؤں میں معیاری تعلیم، بہتر طبی سہولیات و روزگار کے وسائل فراہم کرنے و معاشی سدھار لانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے. ٹرسٹ کی ایم ڈی ڈاکٹر نشتہ ٹھاکر نے کہا کہ ضرورت مند لوگوں کی خدمت کرنا ٹرسٹ کی اولین ترجیح ہے اور ڈھڈکائی گاؤں میں بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے ٹرسٹ ہر طرح کے اقدامات اٹھائے گا. اس موقع پر بچوں میں اسکول بیگ و دیگر ضروری سامان بھی تقسیم کیا. سابق بی ڈی سی چیئرمین چوہدری محمد حنیف نے فوج و ٹرسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرام جاری رکھے جائیں جس سے مقامی لوگوں کو راحت ملے گی. واضح رہے کہ ڈھڈکائی جموں و کشمیر کا واحد ایسا گاؤں ہے جہاں پر قوت گویائی و قوت سماعت سے محروم لوگوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور اس گاؤں میں سوفیصد آبادی شیڈول ٹرائب کی ہے۔