عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//حب الوطنی اور قومی فخر سے لبریز ایک یادگار شام اس وقت دیکھنے کو ملی جب آرمی گڈول پبلک اسکول، راجوری کے طلباء نے تاریخی ڈھنی دھار قلعہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بھارتی مسلح افواج کی جرات، قربانیوں اور شجاعت کو اجاگر کرنے والا شاندار لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو دیکھا۔ اس خصوصی پروگرام کا مقصد نوجوان نسل کو ملک کی دفاعی تاریخ اور فوجی قربانیوں سے روشناس کرانا تھا۔قلعہ ڈھنی دھار کے پراثر ماحول میں پیش کئے گئے اس لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو میں طاقتور بیانیہ، دل کو چھو لینے والی آوازیں اور دلکش مناظر شامل تھے، جنہوں نے طلباء کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑا۔ شو کے دوران بھارتی فوج کی بہادری، سرحدوں کی حفاظت میں دی جانے والی قربانیوں اور وطن کی سالمیت کیلئے کی گئی جدوجہد کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا گیا، جس سے طلبہ میں حب الوطنی، شکرگزاری اور فوج کے لئے احترام کا جذبہ مزید مضبوط ہوا۔پروگرام کے ایک حصے کے طور پر طلبہ کو وجے دیوس کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا، جو 1971 میں بھارت کی تاریخی فتح کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر خصوصی مناظر اور بیانیہ کے ذریعے اس جنگ میں بھارتی مسلح افواج کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے علاوہ آپریشن سندور سے متعلق معلوماتی مواد بھی دکھایا گیا، جس نے طلبہ کے علم میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں یہ سمجھنے میں مدد دی کہ کس طرح بھارتی فوج ہر دور میں ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے سرگرم رہی ہے۔یہ تعلیمی و معلوماتی دورہ طلبہ کے لئے نہایت متاثر کن اور سبق آموز ثابت ہوا۔ اس دورے نے نہ صرف ان میں قومی فخر کے جذبات کو تقویت دی بلکہ بھارتی مسلح افواج کی جرات، نظم و ضبط اور فرض شناسی کے تئیں ان کی سوچ کو بھی گہرائی بخشی۔ اس طرح کے پروگرام نوجوان ذہنوں کو قوم سے جوڑنے اور انہیں ایک ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔