محمد تسکین
بانہال// گزشتہ اگست اور ستمبر کی شدید بارشوں کے بعد سیلابی ریلوں اور پسیوں اور پتھروں کے گر آنے سے جموں سرینگر قومی شاہراہ کو پہنچے بھاری نقصانات کے اثرات ابھی بھی ظاہر ہو رہے ہیں اور جمعرات کی شام جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ضلع رام بن کے ڈھلواس علاقے میں شاہراہ کی ایک بڑی حفاظتی دیوار اَچانک گر گئی ہے جس کے نتیجے میں فور لین شاہراہ کی ایک ٹیوب ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے متاثر ہوگئی ہے ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کی شام جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ڈھلواس کے علاقے میں تقریباً پچاس میٹر لمبی حفاظتی دیوار کے ساتھ ساتھ ساونی پنچایت کو جانے والے لنک روڈ کا ایک بڑا حصہ اچانک منہدم ہوگیا ہے جس سے فورلین شاہراہ کا ایک حصہ متاثر ہوا اور اس علاقے میں گاڑیوں کی آمد و رفت سست روی کا شکار ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیوار کے گرنے اور شاہراہ کی ایک ٹیوب کے بند ہونے کے بعد دونوں طرف کے ٹریفک کو دوسری سڑک سے بحال رکھا گیا اور سینکڑوں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے شاہراہ کا سفر کیا تھا جبکہ ڈھلواس کے مقام شاہراہ کی مکمل بحالی کیلئے کام جاری ہے ۔ ڈھلواس اور ناشری کے مقامی لوگوں نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ کی دیوار کے ڈھہ جانے کے نتیجے میں ساونی پنچایت کی رابط سڑک کا ایک بڑا حصہ بھی شاہراہ کی دیوار کے ساتھ نکل گیا جس سے سنا ، ساونی اور سناسر کی بڑی آبادی کی نقل و حرکت متاثر ہو گئی ۔ انہوں نے کہا کہ فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنیوں کی مبینہ من مرضی اور غیر معیاری کام کی وجہ سے ڈھلواس ، ناشری ، ساونی اور سنا کے لوگوں کو طرح طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور شاہراہ کی ایک پسی کی وجہ سے ڈھلواس کی قریب کنبوں پر مشتمل بستی چند سال پہلے مکمل طور سے تباہ ہوگئی اور اس کے متاثرین ابھی بھی معقول معاوضہ کے منتظر ہیں ۔ڈھلواس میں پیش آئے اس واقعہ کے بارے میں بات کرنے پر نیشنل اتھارٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شبھم یادو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ڈھلواس کے علاقے میں تقریباً 40 میٹر لمبی کنکریٹ سے بنی پچھلی حفاظتی دیوار جمعرات کی شام کو نکل گئی اور اس سے شاہراہ کی ایک ٹیوب بند ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ سڑک کو دوبارہ قابل آمدورفت بنانے کیلئے بحالی کا کام شروع کیا گیا ہے اور متاثرہ ٹیوب کو جلد از جلد آمدورفت کے قابل بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ شبھم یادو نے کہا کہ شاہراہ کی دیوار کے نکل جانے کی وجوہات کا ابھی پتہ نہیں چلا ہے تاہم اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔