بانہال//جموں سرینگر شاہراہ پر رام بن اور بانہال کے درمیان ڈگڈول کے مقام پر پیش آئے سڑک کے ایک اور دلدوز حادثے میں ایک خاتون سمیت5 افرادکی موت واقع ہوئی جبکہ پانچ دیگر مسافر زخمی ہوئے ۔ رام بن سے نیل علاقے کی طرف جانے والی اس گاڑی میں بیشتر مسافر دو کنبوں سے تعلق رکھتے تھے ۔ جمعہ کی سہ پہر رام بن سے رامسو کے نیل ٹاپ علاقے کی طرف جانے والی ٹاٹا سومو زیر نمبر JK-03E/ 3218رام بن پولیس حدود میں پڑنے والے ڈگڈول کے نزدیک شاہراہ سے لڑھک کر کم از کم 500 فٹ نیچے نالہ میں جا گری اور موقع پر ہی5 افراد کی موت واقع ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ کھائی میں گرنے سے پہلے ٹاٹا سومو مخالف سمت سے آنے والے ایک منی لوڈ کئرئیر زیر نمبر JK-04G/0822 سے ٹکرائی اور اس کے بعد 10مسافروں سے بھری یہ ٹاٹا سومو شاہراہ سے نیچے نالہ پشلڑی کی کھائی میں گر گئی ۔ عینی شاہدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا منی لوڈ کئیرئیر کے کنڈیکٹر کی وہاں موجود کئی مسافروں نے مارپیٹ کی جبکہ اس کی کوئی غلطی نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاٹا سومو اور مخالف سمت سے آرہے لوڈ کئیرئیر کی ٹکر سڑک کے بیچ میں ہوئی اور اس کے بعد ٹاٹا سومو ڈارئیور گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھا اور دس پندرہ فٹ آگے جانے کے بعد گاڑی نیچے کھائی میں گر گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کھائی کی طرف گرنے سے پہلے ڈرائیور سمیت دو تین مسافرگاڑی سے باہر گر گئے جبکہ باقی مسافر گاڑی سمیت نیچے کھائی میں جاگرے ۔ بچاو کارروائیوں کی نگرانی پر مامور سینئرسپر انٹنڈنٹ پولیس رام بن پی ڈی نتیا نے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ اس حادثے میں پانچ افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ چار دیگر زخمی ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ رام بن سے رامسو کے نیل علاقے کی طرف جانے والی اس گاڑی کے حادثے کی خبر ساڑھے چار بجے ملی اور اطلاع ملتے ہی پولیس ٹی ڈی آر ایف ، فوج اور کیو ار ٹی کے رضاکار جائے واردات پر پہنچ گئے اور انہوں نے بچاو کاروائیوں کا آغاز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کی شناخت جسونت سنگھ ولد کرشن لعل ساکن پنتھیال ، نسیمہ بیگم زوجہ عابد حسین ساکن نیل ، نریش کمار ولد شنکر داس ساکن مکرکوٹ ،محمد ایوب میڈیکل اسسٹنٹ ولد غلام محمد رونیال ساکن مالیگام پوگل، اورعبدالقدوس ولد گل محمد زراڈی نیل کے طور کی گئی ہے ۔ زخمیوں کی شناخت ڈرائیور خادم حسین ولد عبدالقدوس ساکن زراڈ نیل ، سمینہ بانو دختر منیر حسین ساکن زراڈی نیل ، جیون سنگھ ولد سکھ دیو سنگھ ساکنہ پنتھیال ، نعیمہ بانو دختر عابد حسین ساکن نیل رامسو اور سکھ دیو سنگھ ولد کرشن لعل پنتھیال کے طور کی گئی ہے ۔