مینڈھر //اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز سب آفس راجوری کے زیر اہتمام گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر میں ایک نعتیہ مشاعرے کا اہتمام کیا۔اس مشاعرے میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے کالج کے پرنسپل سید شبیر حسین جعفری نے شرکت کی جبکہ صدارت کے فرائض معروف شاعر سید ذوالفقار علی نقوی نے انجام دیئے۔مشاعرے میںابتدائی کلمات میں کلچرر افسر راجوری پونچھ پرویز اختر نے کہا کہ ان کی کوشش رہتی کہ اس طرح کی روح پرورمحافل کا انعقاد کیا جائے تاکہ ہر خاص و عام اس میں شریک کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کی جانب سے ماہ مبارک کے دوران اس سے قبل دو نعتیہ مشاعرے درگاہ عالیہ شاہدرہ شریف اور مولانا حضرت انور شاہ کشمیری ؒ اسلامک اکیڈمی پونچھ میں منعقد کئے گئے۔انہوں نے اس مشاعرے میں شامل تمام شعرائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران شعرائے کرام نے اپنے نعتیہ کلام پیش کئے ۔محفل کے دوران سید تصدق شاہاں، امتیاز علی ہاشمی، سردار جاوید خان،طاہرمحمود،سید عظمت حسین جعفری، ڈاکٹر شبیر عنوانؔ،عاشق پرواز ،شفیق خان، شکیل قادری، محمد حیات، ماسٹر محمد رمضان، فرودس فاطمہ نے اپنے کلام پیش کئے۔مہمان خصوصی سید شبیر حسین جعفری نے تمام شعرائے کرام کو نعتیہ اشعار پیش کرنے کے لئے مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کلچرر آفیسر کو اس طرح کی پُر نور محفل کے انعقاد پر مبارک پیش کی۔اپنے صدارتی خطاب میں سید ذوالفقار علی نقوی نے کہا کہ ضلع پونچھ میں بہترین اشعار کہنے والے شعرائے کرام موجود ہیں ۔تاہم انہوںنے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان شعرائے کرام کو مواقع فراہم کئے جائیں ۔انہوں نے کلچرل اکیڈمی کی سرگرمیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ا س طرح کے پروگراموں کا انعقاد کر کے ادیبوں، فنکاروں، گلوکاروں کو مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔مشاعرے میں نظامت کے فرائض سید عظمت حسین جعفری نے انجام دیئے۔