راجوری//ڈپٹی کمشنرراجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے ایس آراو۔43کے کیسوں کے جلد نمٹارے پر زور دیتے ہوئے تحصیلداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں خصوصی کیمپ منعقد کرکے سرحدی کشیدگی اور گولہ باری یا ملی ٹینسی کے دوران مارے گئے افراد کے لواحقین کو مطلع کرکے ان کی فائلیں پندرہ دسمبر سے قبل تیار کرکے بھیجیں تاکہ ان کی مدد ہوسکے ۔وہ محکمہ مال کے افسران سے ایک میٹنگ میں خطاب کررہے تھے جس میںیہ فیصلہ ہواکہ تحصیلداران افراد کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کریں گے جو پچھلے سات سال سے لاپتہ ہیں تاکہ ان کو مردہ قرار دے کر لواحقین کو ایس آر او ۔43سے فائدہ دیاجاسکے ۔ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ انتظامیہ کی سب سے اولین ترجیح شہروں اور قومی شاہراہ کے آس پاس اراضی سے ناجائز تجاوزات ہٹاناہے اوراس سلسلے میں انہوںنے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ بڑے پیمانے پر انہدامی کارروائی شروع کریں اور سرکاری اراضی کو تحفظ دیتے ہوئے ربن ڈیولپمنٹ ایکٹ کی عمل آوری کو یقینی بنائیں ۔اس موقعہ پر یہ فیصلہ لیاگیاکہ جمع بندی کے معاملات 31دسمبر تک حل کئے جائیںگے اور اس کے ساتھ خسرہ گرداوری اور دیگر ریکارڈ کو بھی تیار کیاجائے گا۔اس دوران سڑکوں ، پلوں اور سکولوں و طبی مراکز سمیت دیگر عمارتوں کے پروجیکٹوں پر بھی تفصیلاًتبادلہ خیال ہواجو زمینی تنازعات کی وجہ سے التواکاشکار ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہر ایک ایسے معاملے کو مقررہ مدت میں حل کرنے پر زور دیا۔انہوںنے کہاکہ ایگزیکٹو ایجنسیز اور محکمہ مال کے درمیان بہتر تال میل رہناچاہئے ۔اس موقعہ یہ فیصلہ ہواکہ تحصیلدار راجوری دلہوڑی کے مقام پر ویٹرنری ہسپتال کے قیام کی خاطر زمین کی نشاندہی اور فراہمی کو یقینی بنائیںگے ۔محکمہ مال کی کارکردگی بہتربنانے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ انتظامیہ ایک ورکشاپ منعقد کرکے محکمہ کے ملازمین اور افسران کو شعبے سے جڑے معاملات پر کتابیں اور دیگر قوانین فراہم کرے گی تاکہ کیسوں کا جلد سے جلد نمٹاراہوسکے ۔ اجلاس میں جمع بندی ، ریکارڈ کی تیاری ، ناجائز تجاوزات کی مسماری ، نقولات ، زمینی تنازعات کی موجودہ حالت ،معاوضے کی ادائیگی اور پبلک سروسزگارنٹی ایکٹ کی عمل آوری کا جائزہ لیاگیا ۔میٹنگ کے دوران تحصیلداروں اور نائب تحصیلداروں نے مانگ کی کہ الیکشن اسسٹنٹ اور جوڈیشل کلرک کی خالی پڑی اسامیاں پُر کی جائیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایاکہ اس معاملے پر ضروری کارروائی کی جائے گی ۔میٹنگ میںریجنل ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈشوکت کاظمی ، اے سی ریونیو عبدالقیوم میر ، سب ڈیویژنل مجسٹریٹس عبدالستار ، گوپال سنگھ ، کرتار سنگھ ، افضل مرزا اور خالد حسین ، تحصیلدار سلام دین ، محمود ایاز ، محمد ریاض ، شاہد اقبال ، یونس مرزا، محمد رفیق اور کمل پریت بھی موجو دتھے ۔