مینڈھر //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے سنیچروار کو جڑانوالی گلی علاقے کا دورہ کرکے سرنکوٹ مینڈھر سڑک کا جائزہ لیا۔انہوںنے مقامی لوگوں کے مطالبے پر ڈاک بنگلہ کی تعمیر کا یقین بھی دلایا ۔اس دوران ان کے ہمراہ ایس ڈی ایم سرنکوٹ،ایس ڈی پی او سرنکوٹ ،محکمہ تعمیرات عامہ اور محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ اس دوران انہوں نے سڑک کا معائنہ کرتے ہوئے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے آفیسران سے کہا کہ سڑک کو جلد مکمل کیا جائے اور کام کرنے میں کوئی بھی لا پرواہی نہ کی جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی طرف سے دی گئی مدت کے اندر سڑک مکمل ہونی چاہیے کیونکہ اس سڑک پر بے شمار گاڑیاں چلتی ہیں اور سڑک مکمل نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو کئی قسم کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ان کاکہناتھا کہ کام کے سلسلہ میں کوئی بھی نرمی نہیں برتی جائے گی اوراس کی تکمیل بروقت ہونی چاہئے ۔ان کا کہنا تھا کہ سڑک کے کام میں کسی بھی قسم کی لا پرواہی نہیں ہونی چاہیے کیونکہ یہ اہم سڑک ہے جو مغل شاہراہ سے ملتی ہے۔ اس دوران انہوں نے جڑانوالی گلی علاقہ میں ڈاک بنگلہ کی جگہ کا بھی معائنہ کیا ۔مقامی لوگوں نے مانگ کی کہ جڑانوالی گلی میں محکمہ سیاحت کے تحت ڈاک بنگلہ بنوایا جائے جس کے لئے جگہ بھی دستیاب ہے ۔اس موقعہ پر جموں و کشمیر ہیومن ویلفیئر سوسائٹی جڑانوالی گلی پونچھ کے چیئرمین محمد رزاق بجاڑ بھی موجود تھے جنہوںنے کہاکہ یہاں ڈاک بنگلہ کی سخت ضرورت ہے جس کی تعمیر ہونی چاہئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے اس پر یقین دلایاکہ انہوںنے بھی جگہ دیکھ لی ہے اور فائل تیار کرکے حکام کو بھیجی جائے گی تاکہ منظوری مل سکے ۔