سرینگر//ڈپٹی کمشنر سرینگرنے منگلوار کو سرینگرکے امراض سینہ کے اسپتال اورصدراسپتال کا دورہ کیا اوروہاںنئے آکسیجن پلانٹوں جن میں ایکہزارلیٹرفی منٹ آکسیجن پیداکرنے والے پلانٹ اور ایک 1500لیٹرفی منٹ آکسیجن پیداکرنے والایونٹ شامل ہے ،کی تنصیب کا جائزہ لیا۔یہ آکسیجن پلانٹ جرمنی سے منگائے گئے ہیں۔امراض سینہ کے اسپتال میں ڈپٹی کمشنر نے 1500لیٹر فی منٹ آکسیجن پیداکرنے والے پلانٹ کی تنصیب کے کام کا جائزہ لیا ۔انہیں بتایا گیا کہ اس کی تنصیب کا کام تقریباًمکمل ہوچکا ہے اور اِسے کچھ ہی روزمیں شروع کیاجائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ دوشفٹوں میں کام کرکے اس کی مکمل تنصیب کریں تاکہ اسے جلدازجلد چالوکیا جائے۔انہوں نے اسپتال کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ وہ اسپتال میں بستروں کی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے فوری اقدام کریں ۔مابعد ڈپٹی کمشنر نے ایس ایم ایچ ایس اسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں دو آکسیجن پلانٹوں کی تنصیب کے کام کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پرانہیں بتایا گیا کہ دونوں پلانٹوں کی تنصیب کا کام مکمل ہوچکا ہے اور انہیں جلد ہی قابل کار بنایا جائے گا۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنرنے متعلقہ انجینئروں اور دیگر حکام سے تاکید کی کہ وہ دونوں پلانٹوں کو21مئی سے قبل چالو کرے۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر کوبتایا گیا کہ صدر اسپتال میں کووِڈ مریضوں کیلئے بستروں کی تعدادمیں اضافہ کرکے اِسے290تک بڑھاگیاہے۔