رام بن //ڈپٹی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ نے گول کا دورہ کرکے وہاں چل رہے ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے دورے کے دوران لوگوں کے مسائل بھی سنے ۔ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ اے سی ڈی رام بن ظفر بانڈے اور دیگر افسران بھی تھے ۔موصوف نے اس دوران ریاست اور مرکزکی معاونت سے زیر تعمیر مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا معائنہ کیا ۔انہوں نے خاص طور پر محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے بنائے جارہے اثاثوں کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام کاموں کو مقررہ مدت کے اندر اندر مکمل کریں ۔ انہوں نے گول ڈگن ٹاپ مہور سڑک پر تارکول بچھانے کی ہدایت بھی جاری کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے ایس ڈی ایم گول کو ہدایت دی کہ وہ بذات خود تمام ترقیاتی پروجیکٹوں کی نگرانی کریں اور ملازمین کی حاضری کویقینی بنانے کیلئے وقت بروقت سرکاری دفاتر کے دورے کریں ۔ اس دوران کئی وفود نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کرکے انہیں اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جس پر موصوف نے ان مسائل کو مرحلہ وارطریقہ سے حل کرنے کی یقین دہانی دی ۔ ڈپٹی کمشنرنے افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ عوام کے ساتھ رابطہ میں رہ کر ان کے مسائل حل کریں اور ان کو بہتر سے بہترخدمات فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر بھی نظررکھی جائے ۔