سرینگرـ//ڈیجیٹل انڈیا مہم میں اپنے قدم آگے بڑھاتے ہوئے جموں و کشمیر بینک ڈیجیٹل لین دین کی سروے میںرواں مالی برس کے پہلے تین سہ ماہی کے دوران ملک بھر تیسرے پائدان پر آگیا ہے۔ 'DigiDhan Dashboard' جو کہ مرکزی سرکار کی منسٹری آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا پلیٹ فارم ہے ،کے مطابق بینک نے رواں مالی برس کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران یعنی 31 دسمبر 2018 تک ملک بھر میں تین کروڑ اکیس لاکھ کی تعداد میں ڈیجیٹل ادائیگی کی ہے جو کہ یونین بینک آف انڈیا اور بینک آف بروڈا سے زائد ہے۔اس پیش رفت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جے کے بینک چیئرمین اور سرپرست اعلیٰ پرویز احمد نے کہا کہ قومی ڈیجیٹل مہم کے تحت ہم اپنے اہداف کے حصول کیلئے گامزن ہیں اور اپنے سالانہ چار کروڑ کے ہدف کے بالکل نزدیک پہنچنے پر ہمیں فخر ہے۔واضح رہے کہ مرکزی سرکار نے رواں مالی برس کیلئے بینکوں کو تین ہزار کروڑ ڈیجیٹل ادائیگی کا ہدف دیا ہے اور 'DigiDhan Dashboard' کے مطابق دسمبر 2018 تک ملک کے تمام بینکوں نے 1998.12 کروڑ کا ہدف پار کیا ہے۔اس ضمن میں جے کے بینک نے ڈجیٹل بینکنگ کی سمت بہت سے اقدام اٹھائے ہیں جن میں M-pay، ای بینکنگ، UPI ، پوائنٹ آف سیل ، کریڈٹ /ڈیبٹ کارڈ وغیرہ جیسی سہولیات قابل ذکر ہیں۔