جموں //ڈویژنل کمشنر ہیمنت کمار شرما نے ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں کو اپنے اپنے اضلاع میں ترقیاتی کاموں میں سرعت لانے کی ہدایت دی ہے تاکہ ان اضلاع کے ان کاموں کو مقررہ مدت میں تکمیل کیاجائے جن کی ہدایت وزیر اعلیٰ نے اپنے دوروں کے دوران دی تھی ۔ ان ہدایات کا اجرا ڈویژنل کمشنر نے ان افسروں کے ساتھ منعقدہ ایک ویڈیو کانفرنس میں کیا، جس میں ان سے معیاری کام یقینی بنانے کو کہا گیا ۔اس موقعہ پر ڈویژنل کمشنر کو ڈوڈہ میں مختلف کاموں کے بارے میں جانکاری دی گئی،جن میں ڈبلیو ایس ایس کھیلانی۔پُل ڈوڈہ کی بہتری، پی ایم جی ایس وائی کے تحت گھٹی۔گورکھا سڑک کی تعمیر،پٹہ تک سڑک کی تعمیر، پٹہ کے لئے بجلی کی سپلائی، نالیوں اور گلیوں کی مرمت ،ایم سی ڈوڈہ، بھدرواہ،ٹھاٹھری میں اسٹریٹ لائٹیں فراہم کرناقابل ذکر ہے۔ اسی طرح سے رام بن اور کشتواڑ اضلاع میں ہو رہے ترقیاتی کاموں کی جانکاری بھی ڈویژنل کمشنر کو دی گئی۔ڈویژنل کمشنر نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے ان اضلاع میں جاری کی گئی ہدایات پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا اور جاری کاموں کی تکمیل بر وقت کرنے کی ہدایت دی۔دریں اثنا ،ڈویژنل کمشنر کو مختلف مدعوں کی جانکاری دی گئی جو ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ۔ موصوف نے ہدایت دی کہ ان معاملات کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لاکر حل کروایاجائے گا۔