ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ کے بلاک دالی ادھیانپور کے متعدد سرکاری سکولوں میں عملے کی قلت کی وجہ سے طلباء کی پڑھائی شدید متاثر ہورہی ہے ۔پنچایت حلقہ کلو ہانڈ کے گرد نواح کے کئی سرکاری سکولوں میں تدریسی عملے کی کمی پائی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کر تے ہوئے کہاکہ انہوں نے متعدد بار ضلع انتظامیہ سے سکولوں میں سٹاف کی تعیناتی کے سلسلہ میں اپیل کی اور انتظامیہ کی جانب سے صرف یقین دہانیاں ہی کروائی گئی جبکہ عملی طور پر کچھ بھی نہیں کیا گیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق اس وقت ہائی سکول کلو ہانڈ میں 150بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ ان کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے صرف 5ٹیچر تعینات کئے گئے ہیں ۔اسی طرح مڈل سکول کورا میں 75بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے صرف 2ٹیچر تعینات کئے گئے ہیں جبکہ مڈل سکول کلوہانڈ میں 80بچوں کیلئے 2ٹیچر جبکہ پرائمری سکول شیخ پورہ میں 35بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے 1ٹیچر تعینات کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں انہوں نے متعدد بار چیف ایجوکیشن آفیسر سے رجوع بھی کیا لیکن بچوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔اس سلسلہ میں کلو ہانڈ پنچایت کے سرپنچ شبیر احمد شاہ نے بتایا کہ سٹاف کی قلت کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں بچوں کو بہترین سہولیات فراہم ہی نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کو چاہیے کہ وہ سبھی اٹیچ ٹیچروں کو اپنی جگہوں پر واپس بھیج دے تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو ۔