ڈوڈہ //مسلسل دو دن تک موسم خوشگوار رہنے کے بعد آج پھر سے ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہیں۔موسلا دھار بارشوں سے گندوہ بھلیسہ، بونجواہ ،کاہرہ ،ٹھاٹھری ،بھالہ ،چرالہ ،گندنہ ،مرمت و دیگر ملحقہ علاقوں میں پہلے ہی رابطہ سڑکیں خستہ حال ہو چکی ہیں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے درجنوں عارضی پل و پکڈنڈی راستے تباہ ہوئے ہیں۔گذشتہ ہفتہ کی تباہ کن بارشوں سے فصلوں،پھلوں و سینکڑوں کنال زرعی اراضی کو بھی نقصان پہنچا ہے اور نکاسی نظام و نالوں کے اطراف میں حفاظتی دیواریں نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر رہائشی علاقوں میں بارش کا پانی داخل ہوا جس کے نتیجے میں کئی تعمیرات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے سابق ایم ایل سی و کانگریس لیڈر نریش کمار گپتا نے کہا کہ حالیہ دنوں کی تباہ کن بارشوں سے ضلع کے بالائی علاقوں میں رہائش پذیر آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی، بجلی و سڑکوں کے ساتھ ساتھ رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ باغات، فصلیں و زمینیں بھی تباہ ہوئیں ہیں۔انہوں نے حکام سے بارشوں سے ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو معقول معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر بارشیں
