ڈوڈہ //ڈوڈہ کے متعدد علاقوں میں رابطہ سڑکوں سے پوری طرح برف نہ ہٹانے پر مقامی آبادی نے تعمیراتی ایجنسیوں کی ناقص کارکردگی و انتظامیہ کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں سے مکمل طور پر آمدورفت کے قابل نہ بنانے کی وجہ سے مسافربرادر گاڑیوں و عام راہگیروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ادھر بلاک گندنہ کی پنچائت ملوانہ ایسٹ کے سرپنچ محمد حبیب ملا کی قیادت میں لوگوں نے احتجاج بلند کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی سے عام لوگوں و باالخصوص مریضوں کو سفر کرنے میں کافی دقتوں کا سامنا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ملوانہ گندنہ سڑک پہلے سے ہی خستہ حال ہے وہیں حالیہ دنوں کی بھاری برفباری و بارشوں سے اس کی حالت مزید خستہ ہو چکی ہے اور متعلقہ حکام سے بار بار رجوع کرنے کے باوجود سڑک کی مرمت نہیں کی جارہی ہے۔ ادھر چرالہ، فیگسو کاہرہ ،چلی پنگل ،چنگا کالجگاسر ،جطوطہ ،بونجواہ و دیگر مضافات سے بھی لوگوں نے کہا کہ بیشتر سڑکوں پر تعمیراتی ایجنسیوں نے پوری طرح برف نہیں ہٹائی ہے جس کی وجہ سے بھاری پھسلن و کورا لگنے سے سفر کرنے میں خطرہ محسوس ہوتا ہے۔ سیاسی و سماجی کارکن بال کرشن پٹھانیہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع میں اکثر و بیشتر حادثات سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سے تعمیراتی ایجنسیوں کو جوابدہ بنانے و مکمل طور پر سڑکوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔