ڈوڈہ کشتواڑ و ٹھاٹھری گندوہ شاہراہ کے متصل قائم سٹون کریشر عوام کے لئے درد سر

ڈوڈہ //ڈوڈہ کشتواڑ و ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر بیشتر مقامات پر قائم سٹون کریشروں سے ماحولیاتی آلودگی پھیلنے سے جہاں مسافروں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں آس پاس کی آبادی بھی متاثر ہو رہی ہے۔سیول سوسائٹی نے سٹون کریشر مالکان کی طرف سے سرکاری حکمنامہ کی خلاف ورزی کرنے و محکمہ پولوشن کنٹرول بورڈ کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ ان کریشروں سے بھاری مقدار میں آلودگی پھیل رہی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کریشر میں نصب مشینوں سے نکلنے والے گردو غبار و زہریلی گیس سے پیڑ پودوں کو بھی بھاری نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ آس پاس کے ندی نالے بھی آلودگی کا شکار ہو رہے ہیں۔سیاسی و سماجی کارکن حاجی عمر الدین نائیک نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف سرکار ماحولیات کو پاک صاف رکھنے کے لئے بلند بانگ دعویٰ کرتی ہے تو دوسری طرف شہری و دیہی علاقوں میں قائم سٹون کریشر ماحولیات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ کشتواڑ قومی شاہراہ کے ساتھ ساتھ ٹھاٹھری گندوہ شاہراہ کے متصل میں واقع کریشروں سے بھاری دھواں نکلتا ہے جو پیڑ پودوں کے ساتھ ساتھ ارد گرد کی بستیوں کو بھی متاثر کررہا ہے جبکہ مسافروں و باالخصوص دمے کے مریضوں کو پریشان کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ سڑکوں کی مرمت و تعمیرات کے لئے ان کریشروں کی بھی ضرورت ہے لیکن سرکاری حکمنامہ کی عمل آوری کو یقینی بنانا بھی لازمی ہے تاکہ ماحولیات کے ساتھ ساتھ انسانی زندگی کو بھی محفوظ بنایا جاسکے۔