اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے ٹھاٹھری پولیس سٹیشن کی حدود میں غیر قانونی طور پر منشیات رکھنے اور اسے فروخت کرنے کی غرض سے لے جانے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے ان کے قبضے سے ہیروئین جیسی چیز ضبط کی ہے۔ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پولیس نے ہفتہ کے روزقومی شاہراہ پر ٹھاٹھری کالنئ پل پر پی ایس آئی آصف فاروق کی قیادت میں ٹیم نے ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی چیکنگ کی. اس دوران ڈوڈہ سے کشتواڑ کی طرف جانے والی ایک ایکو گاڑی زیر نمبر JK17A-9238کو تلاشی کے لیے روکا گیا۔تلاشی کے دوران گاڑی کے ڈرائیور کی جیب سے تقریباً 2.5گرام ہیروئن نما مادہ (چٹا) برآمد ہوا، جبکہ گاڑی میں سوار ایک مسافر کے پاس سے تقریباً 6.5گرام ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا۔ پولیس نے گاڑی و ہیروئین کو ضبط کر کے دونوں افراد کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت ڈرائیور محسن نذیر، ولد نذیر احمد شیخ، ساکنہ کجائی، تحصیل اٹھولی و عارف حسین، ولد لسہ بچھو، ساکنہ کجائی، تحصیل اٹھولی کے طور پر ہوئی ہے۔ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں ملزمان نے غیر قانونی طور پر یہ منشیات خریدی تھی اور اسے آگے بیچنے کی غرض سے لے جارہے تھے۔اس سلسلے میں ٹھاٹھری پولیس سٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/21کے تحت کیس ایف آئی آر نمبر 41/2026درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔