ڈوڈہ میں کانگریس رکنیت سازی مہم جاری

ڈوڈہ //یوٹی کے دیگر حصوں کی طرح ڈوڈہ ضلع میں بھی کانگریس نے رکنیت سازی مہم میں تیزی لائی ہے۔پارٹی کے ضلع صدر شیخ مجیب علی نے گذشتہ روز بھدرواہ، کاہرہ ،چلی پنگل و بھلیسہ کے بلاکوں کا دورہ کرکے ورکروں میں رکنیت فارم تقسیم کئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ہدائت پر جموں و کشمیر میں گذشتہ ماہ رکنیت سازی کا عمل شروع کیا گیا ہے تاہم موسم کی خرابی کے باعث ڈوڈہ ضلع میں کچھ ہی دن پہلے یہ سلسلہ شروع کیا ہے۔انہوں نے کہا ضلع میں سترہ بلاکوں میں مرحلہ وار طریقہ سے رکنیت سازی شروع کی جاری ہے۔ ضلع صدر نے مزید کہا کہ اس سے جہاں زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوطی ملے گی وہیں عوام کے ساتھ جڑنے کا بھی موقع ملتا ہے۔کانگریس صدر نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ رکنیت سازی کی مہم میں شامل ہو کر اسے کامیاب بنائیں۔مجیب علی نے موجودہ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ سرکار و انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بے روزگاری، مہنگائی و بے کاری نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے اور سرکار خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔