ڈوڈہ میں مسلسل 19 ویں روز بھی کورونا کرفیو نافذ رہا

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں مسلسل 19 ویں روز بھی کرونا کرفیو نافذ رہا جس دوران سخت بندشیں عائد رہیں۔گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کی ہدائت پر منگل کے روز جزوی طور پر اجازت دی گئی سرگرمیاں صبح سات بجے سے گیارہ بجے تک بحال رہیں جبکہ رابطہ سڑکوں پر ایمرجنسی سروسز سے جڑی گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت دی گئی۔ مسلسل بندشوں سے معمولات زندگی متاثر ہو رہی ہے اور مزدور پیشہ افراد، چھوٹے کاروباری و ٹرانسپورٹرز کو گھر چلانا مشکل ہو گیا ہے۔بنکوں سے قرضہ لے کر اپنا شروع کرنے والے کئی افراد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دوکانیں و نجی کاروباری ادارے متواتر بند رہنے سے ماہانہ قسطیں و دوکانوں کا کرایہ ادا کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے مالی پیکیج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس بحران کے دوران ہوئے مالی خسارے کی بھرپائی ممکن ہو سکے۔