عظمیٰ نیوزسروس
جموں//پولیس نے بتایاکہ جموں صوبہ کے ضلع ڈوڈہ میں ایک پل پر پاکستان کے حق میں نعرے والے پوسٹر چسپاں کرنے والے ایک شخص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد منگل کو ایک کیس درج کیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ مبینہ ویڈیو، جسے جیو ٹیگ کیا گیا تھا، میں پل ڈوڈہ علاقے کا ایک مقام دکھایا گیا تھا۔ایک سینئرافسر نے بتایا کہ ملوث افراد کی شناخت اور امن عامہ کو برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ایک پولیس افسر نے کہاکہ منگل کے روز سوشل میڈیا پر ایک مختصرویڈیو کلپ وائرل ہوئی ، جس میں ایک پوسٹر کہیں چسپاں ہوتا ہوا دیکھا گیا۔ اس میں جیو ٹیگنگ بھی فعال تھی۔افسر نے کہا کہ پوسٹر پر کچھ قابل اعتراض الفاظ لکھے گئے ہیں، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔پولیس افسر نے کہا کہ جانچ کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ یہ کلپ اصلی تھا یا اے آئی سے تیار کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ سب تحقیقات کا حصہ ہے، فی الحال اس کی صداقت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ حکام نے کہاکہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈوڈہ پولیس نے ایف آئی آر نمبر95/2026درج کر لی ہے اور بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 353(1) کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈوڈہ کرشن رتن کے مطابق ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں قابلِ اعتراض مواد موجود ہے، جو عوام میں بے چینی اور انتشار پیدا کر سکتا ہے۔ پولیس افسر کے مطابق تاحال جائے وقوعہ سے ایسا کوئی پوسٹر برآمد نہیں ہوا ہے جس کے باعث اس بات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا ویڈیو حقیقی ہے یا مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔اس سلسلے میں ابھی تک کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی کرشن رتن نے مزید کہا کہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات جاری ہے اور جلد ہی حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ پولیس ویڈیو کے جیو ٹیگ شدہ مقام کی بھی تصدیق کر رہی ہے تاکہ اس کی صداقت کا تعین کیا جا سکے۔