اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے ایڈیشنل ضلع بھدرواہ ،سب ڈویژن ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ میں چار روز سے جاری برفباری، بارشوں و تیز آندھی سے بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے تاہم نزدیکی علاقوں میں بجلی وقفے وقفے سے بحال رہی ۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کئی لوگوں نے کہا کہ پچھلے تین روز سے متواتر بجلی بند ہے۔ تحصیل چلی پنگل کے گاؤں بیلی سے حق نواز وانی نے کہا کہ بجلی کی عدم دستیابی سے گاؤں گھپ اندھیرے میں ہے۔ سماجی کارکن چوہدری خدا بخش خیالی نے کہا کہ چلی، منو، کوٹہ، ہڈل، سنوارہ و دیگر مضافات میں بھی تین روز سے بجلی نہیں ہے۔ ادھر اے ای معراج الدین میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گندوہ سب ڈویژن میں بالائی علاقوں میں ہوئی شدید برف باری سے بجلی کے ترسیلی نظام کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درجنوں کھمبے گر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا موسم میں بہتری آتے ہی تمام ملازمین کو ترسیلی نظام کی بحالی کیلئے متحرک کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب ڈویژنل ہیڈکواٹر و نزدیکی مضافات میں برفباری کے دوران بھی بجلی بحال رہی تاہم ابھی کل تک سبھی گاؤں میں بجلی نظام بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے بھی تعاون طلب کیا ہے۔