ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں پینے کے پانی کی کمی کے باعث مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گندنہ، چرالہ ،بھیلہ ،بھالہ ،فیگسو ،کاہرہ ،چلی پنگل و بھلیسہ کے متعدد علاقوں سے عوامی وفود نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک طرف حکومت جل جیون مشن کا نعرہ دے رہی ہے تو دوسری طرف پانی کی سکیمیں ناکارہ ہوچکی ہیں اور متعلقہ محکمہ مرمت کرنے میں ناکام رہا ہے۔ بلاک گندنہ کے گاؤں گدھٹر بی سے ایک وفد نے کہا کہ پائپیں زنگ آلود و ناکارہ ہونے کی وجہ سے عورتوں و بچوں کو کوسوں دور جاکر پانی لانا پڑتا ہے۔وفد میں شامل نواز احمد لون نے کہا کہ پانی کی ناکارہ سکیم کے حوالے سے متعدد بار محکمہ جل شکتی سے رجوع کیا گیا لیکن تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔اس دوران انہوں نے متعلقہ محکمہ کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے انتظامیہ سے پانی کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر تحصیل چلی پنگل سے سرپنچ دانش ملک کی قیادت میں وفد نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی وجہ سے ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ناکارہ سکیموں کی مرمت کرنے و حقیقی معنوں میں ہر گھر تک نل پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔