ڈوڈہ //محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے عین مطابق بدھ و جمعرات کی شب ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری و بارشیں ہوئیں جبکہ دن بھر موسم ابر آلود رہا۔اطلاعات کے مطابق گذشتہ شب بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و بونجواہ کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ادھر متعدد علاقوں سے عوامی وفود نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گذشتہ دنوں کی برفباری سے پکڈنڈی راستے، گلی کوچے و نکاسی نظام خستہ حال ہوئے ہیں جبکہ بیشتر دیہات میں پانی کی اسکیمیں ناکارہ ہوچکی ہیں تاہم ابھی تک متعلقہ محکمے حرکت میں نہیں آئے ہیں۔ ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک ضلع و مقامی انتظامیہ سے گلی کوچوں کے ساتھ ساتھ پکڈنڈی راستوں و نکاسی نظام کی مرمت کرنے و متاثرہ علاقوں میں پانی کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔