ڈوڈہ ضلع میں کورونا کرفیو | ایمرجنسی سروسز کو چھوڑ کر سبھی کاروباری مراکز بند رہے، ٹریفک بھی رہا معطل

 ڈوڈہ//کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر یوٹی کے دیگر حصوں کی طرح ڈوڈہ ضلع میں بھی اتوار کے روز لاک ڈؤن رہاجس دوران ایمرجنسی سروسز کے علاوہ باقی تمام کاروباری ادارے بند رہے اور رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حرکت بھی غائب رہی۔ہفتہ کو دیر رات ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما کی جانب سے جاری حکمنامہ کے مطابق پیر کی صبح چھ بجے تک ضلع میں ایمرجنسی سروسز کو چھوڑ کر باقی سبھی سرگرمیاں ٹھپ رہیں گی۔ جس کے بعد اتوار کی صبح ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ و دیگر مقامات پر سیکیورٹی فورسز و پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اس مہلک وباء سے محفوظ رہنے کے لئے حکام کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل درآمد کریں۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق لوگوں کو ماسک پہننے، سماجی دوری کا خاص خیال رکھنے و ٹیکہ کاری مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی گئی۔ واضح رہے کہ پچھلے ایک سال سے ڈوڈہ ضلع میں کوؤڈ 19 سے کل3618 افراد متاثر ہوئے ہیں جس میں سے3441 افراد صحتیاب ہوئے ہیں اور 65 اموات درج کی گئی ہیں جبکہ اس فعال کیسوں کی تعداد 112رہ گئی ہے۔ آج ضلع میں 14 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ 4 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔