اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں منگل کو شروع ہوئی برفباری و بارشوں کا سلسلہ بدھ کی صبح تک جاری رہا تاہم دن کو مطلع صاف رہا۔برفباری و بارشوں کے نتیجےمیں معمولات زندگی متاثر ہوئی تھی اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں پانی، بجلی و سڑک نظام متاثر ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق منگل کے روز ضلع ڈوڈہ کی سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ،بھدرواہ و ٹھاٹھری کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو بدھ کی صبح تک جاری رہی۔اس دوران رابطہ سڑکوں پر بھاری پھسلن و کورا لگ گیا، جبکہ پانی کے نل بھی منجمد ہوئے اور بجلی نظام متاثر ہوا۔ بدھ کو مطلع صاف ہوتے ہی متاثرہ علاقوں میں بجلی، پانی و سڑکوں کی بحالی کا کام شروع ہوا۔گندوہ بھلیسہ کے بالائی علاقوں میں ایک سے دو فٹ و میدانی علاقوں میں پانچ انچ کے قریب برف ریکارڈ کی گئی۔اس دوران انتظامیہ نے لوگوں سے برفانی تودوں کی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے پہاڑی علاقوں کا رخ نہ کرنے کا مشورہ دیا۔