ڈوڈہ ضلع ، بانہال اور راجوری میں 5سڑک حادثات ۔4 افرادلقمہ اجل،9 زخمی، 4 مویشی بھی ہلاک ،ایک مضروب

 اشتیاق ملک+محمد تسکین +رمیش کیسر

ڈوڈہ+بانہال+راجوری //ڈوڈہ ضلع میں پیر کو پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں 3 افراد جاں و دیگر 2 زخمی ہوئے ہیں جبکہ 4 مویشی ہلاک و ایک زخمی ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق پہلا حادثہ پیر کی اعلیٰ الصبح پیش آیا جب مویشیوں سے لدا ٹاٹا موبائل زیر نمبر JK06B-1533 ٹھاٹھری سے گندنہ کی طرف جارہا تھا جس دوران گگل نالہ ٹانٹنہ کے نزدیک حادثہ کا شکار ہو کر تقریباً 600 فٹ نیچے گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں 2 افراد و 4 مویشی موقع پر ہی ہلاک ہوئے جبکہ ایک شخص و ایک مویشی زخمی ہوا۔اس دوران مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور بچاؤ کاروائی شروع کی۔اس دوران جاں بحق ہوئے افراد کی شناخت میر علی (30)ولد نور مائی ساکنہ ہلارن کاہرہ و ظفراللہ (38)ولد طالب حسین ساکنہ ڈنڈی بھالہ کے طور پر ہوئی ہے اور عاقب گلزار (36)ولد خوشی محمد ساکنہ پرانوں بھالہ شدید زخمی ہوا جسے جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔ دوسرا حادثہ گیارہ بجے کے قریب ڈالی ادھیان پور سڑک پر پیش آیا جب کلیہانڈ سے آرہے موٹر سائیکل زیر نمبر JK06-4968 مخالف سمت سے آرہے موٹر سائیکل زیر نمبرJK02AR-1106 کے ساتھ ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں مزمل بٹ (22)ولد محمد حنیف بٹ ساکنہ کوٹی کی موت واقع ہوئی وہیں محمد عارف (21)ولد محمد شفیع ساکنہ دچھنان زخمی ہوا جسے مقامی لوگوں و پولیس کی مدد سے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔

 

ادھرجموں سرینگر قومی شاہراہ پر بانہال کے شالگڑی علاقے میں ایک ٹیمپو ٹرائولر اور ایک ٹرک کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں کم از کم5مسافر زخمی ہوگئے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں سے وادی کشمیر کی طرف آرہی ایک تیز رفتار ٹیمپو ٹرائولر مخالف سمت سے آرہے ایک مال بردار ٹرک کے ایک طرف ٹکرا گئی تاہم مسافر معمولی چوٹوں کے ساتھ بچ نکلے ہیں۔ زخمیوں کوبانہال ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔زخمی مسافروں کی شناخت مسکان جان عمر 26 سال دختر محمد ساجد خان ساکنہ ملک مارکیٹ جموں ، جنید گلزار عمر 20 سال ولد گلزار احمد تنہا ساکنہ کرالہ گنڈ کپواڑہ ، عاقب مقبول خواجہ ولد محمد مقبول ساکنہ کرالہ گنڈ کپوارہ ، منور خان عمر 30 سال ولد منصور خان ساکنہ تحصیل داتا گنج بدایوں اتر پردیش اور مراد علی عمر 18 سال ولد حامد رضا ساکنہ چاند پٹی ضلع سیٹامڑی بہار کے طور کی گئی۔ادھر راجوری ضلع میں ہوئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک شخص ہلاک جبکہ دیگر دو شدید زخمی ہو گئے جن کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال بھرتی کروایا گیا ہے ۔جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے کالاکوٹ علاقے میں فوج کے ٹرک اور کار کے درمیان تصادم میں کار میں سوار دو افراد زخمی ہو گئے۔جموں پونچھ قومی شاہراہ پر بس اور موٹر سائیکل کے درمیان ہونے والے تصادم میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ذرائع کے مطابق 25سالہ سنجے کمار ولد پریم چند سکنہ دیوک تحصیل سندر بنی مخالف سمیت سے آنے والی ایک مسافر بس کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گیا ۔اس حادثے کے بعد چوکی چورہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا ء کے حوالے کر دیاگیا۔اس سلسلہ میں پولیس نے ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔راجوری ضلع کے کالاکوٹ سب ڈویژن میں فوج کے ٹرک اور کار کے درمیان تصادم میں کار میں سوار دو افراد زخمی ہو گئے۔یہ حادثہ راجوری ضلع کے کالاکوٹ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں چکلی میں پیش آیا۔حکام نے بتایا کہ ایک آرمی ٹرک اور کار کی آمنے سامنے ٹکر ہوئی جس میں کار میں سوار دو مسافر معمولی زخمی ہوئے جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں زخمیوں کی حالت مستحکم اور خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔